پاکستان
Time 17 جنوری ، 2018

’استعفے مانگنے والوں کو استعفے دینے پڑ گئے‘، متحدہ اپوزیشن پر لیگی رہنماؤں کی تنقید

لاہور کے مال روڈ پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے متحدہ اپوزیشن کے احتجاجی جلسے پر حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے شدید تنقید کی ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ استعفے مانگنے والوں کو استعفے دینا پڑ گئے ہیں۔

لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے حوالے سے مریم نواز نے سوشل میڈیا پر ٹوئٹ کیا کہ خالی کرسیاں گواہی دے رہی ہیں کہ عوام نے نوازشریف کی کہی بات کی تائید کردی ہے کہ سازشی عناصر 2018 تک صبر کریں بلکہ اس کے بعد بھی صبر کریں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ ساڑھے 4 سال سے جاری مسترد شدہ کٹھ پتلیوں کی ڈرامے بازی کا یوم حساب قریب آن پہنچا ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے خلاف احتجاج میں شریک جماعتوں کے حوالے سے کہا کہ 2018 کے الیکشن میں یہ عوام کے غضب کا ایندھن ہو جائیں گے۔





مریم نواز نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ یہ خالی کرسیاں نہیں، عوام کی طرف سے سازشوں اور سازشیوں کو واضح اور دو ٹوک جواب ہے۔

ایک ٹوئٹ کے جواب میں مریم نواز نے کہا کہ لاہور نے تو ان لوگوں کو سننے سے بھی انکار کر دیا ہے۔

مریم نواز نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مہروں کو احکامات بجا لانے کے لیے کیا کیا کرنا پڑتا ہے، جس کو گالی دی اسی کا ہاتھ پکڑنا پڑ جاتا ہے، ایسی ذلت سے سیاست چھوڑ دینا بہتر ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مزید بتایا کہ میاں صاحب نے میرے ٹوئٹ کے جواب میں اکبر الہ آبادی کا یہ شعر پڑھا

اکبر نے سنا ہے اہلِ غیرت سے یہی

جینا ذلت سے ہو تو مرنا اچھا!

شیخ رشید کی جانب سے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفے کے اعلان پر مریم نواز نے کہا کہ اللہ کی شان دیکھو کہ استعفے مانگنے والوں کو استعفے دینے پڑ گئے۔

مریم نواز نے کہا کہ اہلِ لاہور کی دانشمندی کو سلام پیش کرتی ہوں۔




’عادی جھوٹوں، مذہبی بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کُھل کر سامنے آ گیا ہے‘

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے بھی عمران خان، آصف زرداری اور طاہر القادری کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عادی جھوٹوں، مذہبی بہروپیوں اور پیشہ ور ٹھگوں کا شیطانی اتحاد کُھل کر سامنے آ گیا ہے۔

سعد رفیق نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری کے کرتوتوں نے پیپلز پارٹی جیسی بڑی سیاسی جماعت کو تانگہ پارٹی بنا دیا ہے۔

طاہر القادری کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ قادری صاحب کی قلابازیاں ضرب المثل بن چکی ہیں، اُنہوں نے ہمیشہ جمہوریت کُش کردار ادا کیا ہے-

وفاقی وزیر نے کہا کہ کینیڈین شہری پاکستان میں انتشار اور افراتفری پھیلانے آتے ہیں، وطن ِعزیز کو عدم ِاستحکام سے دوچار کرنیوالے غیر ملکی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

چیئرمین تحریک انصاف کے حوالے سے رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ بدنیت اور بد دیانت عمران خان جو چاہے کر لیں وہ نامراد ہی رہیں گے-

سعد رفیق نے کہا کہ دوسروں پر کیچڑ اچھال کر اپنے آپ کو دیوتا ثابت کرنا عمران کی فطرت ہے- انہوں نے کہا کہ عمران خٓن آمرانہ اور متکبر سوچ کے حامل ہیں، عمران خان اپنے جھوٹے بیانات پر اللّٰہ کے حضور استغفار کریں۔


وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مسلم لیگ نواز کے خلاف اکٹھی ہوگئی ہیں لیکن اب کٹھ پتلیوں کا کھیل نہیں چلے گا، ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ن لیگ اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن جیتے گی۔

عمران خان زیرو جمع زیرو ہیں، طلال چوہدری

مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہتے ہیں کہ عمران خان زیرو جمع زیرو ہیں، نواز شریف کا مقابلہ کرنے کیلئے انہیں کام کرنا پڑے گا۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کبھی نجومی کا سہارا، کبھی قادری کی بیعت، عمران خان کو نہ جانے کیا کیا کرنا پڑ رہا ہے۔

عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے استعفے دینے کے اعلان کے حوالے سے طلال چوہدری نے کہا کہ استعفے دینا یا اسمبلیاں توڑنا سیاسی خودکشی ہوگی، استعفیٰ دینے کی بات کرنے والے اسمبلی سے تنخواہ تو پوری لے رہے ہیں۔

شیخ رشید کے اندر اتنی جان ہی نہیں ہے کہ وہ استعفیٰ دیں، حنیف عباسی

ن لیگ کے ایک اور رہنما حنیف عباسی نے احتجاجی جلسے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں مین آف دی میچ شعبدہ بازوں کیلیے ہوتا ہے۔

حنیف عباسی نے کہا کہ شیخ رشید کے اندر تو اتنی جان ہی نہیں ہے کہ وہ استعفیٰ دیں، عمران خان کی پولیس اس وقت کہاں تھی جب ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی بے حرمتی ہورہی تھی؟

انہوں نے مزید کہا کہ ’شہبازشریف نے پنجاب کو ترقی کی معراج پر پہنچایا، شیخ رشید تم پاکستان کے ساتھ کیا کھلواڑ کررہے ہو؟‘۔

آصف زرداری اپنی بیوی کے قاتل نہ پکڑ سکے لیکن دوسروں کے قاتل پکڑنے کے لیے جلسے کر رہے ہیں، خواجہ آصف

لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کی جانب سے کی گئی تقریر پر خواجہ آصف نے سخت ردعمل پیش کیا۔

خواجہ آصف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آصف زرداری وفاقی و صوبائی حکومتوں میں رہنے کے باوجود اپنی بیوی کے قاتلوں کو نہ پکڑ سکے لیکن اب اوروں کے قاتل پکڑنے کے لیے جلسے کر رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) اور وزیر خارجہ خواجہ آصف نے مزید کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو جس کو بی بی کا قاتل کہتے ہیں، ان کے والد اس شخص کو صدر رکھنے پر مصر تھے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ آصف زرداری نے پھر اس شخص کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا، لہٰذا آصف زرداری اور بلاول پہلے گھر میں بے نظیر بھٹو کے قتل کے حوالے سے فیصلہ کر لیں۔

خیال رہے کہ مال روڈ پر ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر قیادت متحدہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے دھرنا دیا جا رہا ہے جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی شریک ہیں۔

مزید خبریں :