پاکستان
Time 18 جنوری ، 2018

کوئٹہ میں دہشتگردی: فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار اور پولیو ورکر سمیت 4 جاں بحق

صوبائی دارالحکومت میں 3 روز کے دوران اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

کوئٹہ: شہر میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں سیکیورٹی فورسز اور پولیو ورکرز پر حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں دو ایف سی اہلکار، ایک بچی اور ایک خاتون پولیو ورکر جاں بحق ہوگئیں۔

جیونیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شالکوٹ میں نامعلوم افراد نے انسداد پولیو ٹیم پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک خاتون موقع جب کہ اس کی 12 سالہ بیٹی  شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر تحقیقات کا آغاز کردیا اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے قریبی علاقوں کی ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن کیا جارہا ہے۔

ریسکیو اہلکاورں نے جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین کی لاشیں سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیں جہاں ضابطے کی کاررروائی کرکے لاشوں کو لواحقین کے حوالے کیا جائے گا۔

ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ

اس سے قبل کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جہاں زرغون روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔

دہشت گردی کے اس واقعے میں ایف سی کے 2 اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کردیا گیا۔

واضح رہے کہ صوبائی دارالحکومت میں  3 روز کے دوران اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل 16 جنوری کو بھی کوئٹہ میں رئیسانی روڈ پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :