پاکستان
Time 18 جنوری ، 2018

سیالکوٹ: ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فورسز کی فائرنگ، 2 خواتین شہید

بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے گاؤں کندن پور میں آبادی کو نشانہ بنایا—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

سیالکوٹ: ورکنگ باؤنڈری  پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے گاؤں کندن پور میں آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گذشتہ رات سے جاری بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 خواتین شہید جبکہ 3 خواتین سمیت 5 شہری زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان رینجرز پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا اور بھارتی سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹیں تباہ کردی گئیں۔

بھارتی سفارت کار کی دفترخارجہ طلبی اور احتجاج

ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کے نتیجے میں 2 خواتین کی شہادت کے واقعے کے بعد بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے سیالکوٹ سیکٹر پر بھارتی جارحیت پر شدید احتجاج کیا اور احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کے واقعات جاری ہیں، گزشتہ ہفتے بھی بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں ایک 65 سالہ خاتون جاں بحق ہوئی تھیں، جس پر پاکستان نے قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا تھا۔

رواں ہفتے بھی لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوئے۔

جس پر پاکستان نے عام شہریوں کو نشانہ بنانے پر بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئی دہلی کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کسی ’اسٹریٹیجک غلطی‘ کا باعث بن سکتی ہے۔

مزید خبریں :