عید، کرسمس، دیوالی اور بالی وڈ

دس سال پہلے تک فلم کے بزنس کے لحاظ سے دیوالی کا تہوار کرسمس اور عید سے بہت آگے تھا لیکن اب عید اور کرسمس نے دیوالی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے — فوٹو: فائل 

بالی وڈ کے حکمران تین خان ہیں اور یہ حکمرانی کوئی آج کل کی کہانی نہیں 30 سال کی داستان ہے۔ تین حکمرانوں کی طرح بالی وڈ میں سال کے تین دن تین تہوار عید، دیوالی اور کرسمس پورے سال پر بھاری ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے ان تینوں تہواروں پر انہی تینوں خان کا کنٹرول ہے اور زیادہ تر کرسمس پر عامر خان، دیوالی پر شاہ رخ خان اور عید پر سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوتی ہیں۔ 

دس سال پہلے تک فلم کے بزنس کے لحاظ سے دیوالی کا تہوار کرسمس اور عید سے بہت آگے تھا اور شاہ رخ خان کی بڑی بڑی فلمیں بھی دیوالی پر ہی ریلیز ہوتی تھی لیکن بعد میں عید اور کرسمس نے اسی طرح دیوالی کو پیچھے چھوڑ دیا جیسے سلمان اور عامر کنگ خان سے آگے نکل گئے ہیں۔

کرسمس ویک پر ایک فلموں کو بچوں کی چھٹیاں بھی ملتی ہیں اور بڑوں کو 25 دسمبر کو کرسمس اور پہلی جنوری کو نیو ایئر کی، اس لیے کرسمس ویک کبھی عید سے اور کبھی عید دوسری چھٹیوں کے ساتھ مل کر کرسمس سے باکس آفس پر آگے نکل جاتا ہے۔

عید کی سویاں دیوالی کی پھلجڑیاں اور کرسمس کیک ہر سال بالی وڈ میں کتنی خوشیاں اور پیسہ بانٹے ہیں آئیے اس سال سمیت پچھلے کچھ سالوں کے دلچسپ حقائق ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

سال 2018

اس سال سلمان خان عید پر ”ریس تھری“ سے دوڑ لگائیں گے، عامر خان ”ٹھگز آف ہندوستان“ سے دیوالی پر پٹاخے پھوڑنے آئیں گے اور شاہ رخ خان کرسمس پر ”زیرو“ سے ہیرو بنیں گے۔

فلم ’ریس 3‘ کا تشہیری پوسٹر — فوٹو: تشہیری پوسٹر 

تینوں فلموں سے کم سے کم صرف بالی وڈ کے دیس میں 200 کروڑ کی کمائی متوقع ہے۔ سلمان کے ساتھ انیل کپور، بوبی اور جیکولین ہیں تو عامر خان پہلی بار امیتابھ بچن کے ساتھ نظر آئیں گے ساتھ میں کترینہ کیف بھی جلوہ ہوں گی۔

کترینہ شاہ رخ کے ہمراہ ’زیرو‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کریں گی اس فلم میں انوشکا بھی ہونگی اور ساتھ میں فلم انڈسٹری کی ایک لمبی فہرست مہمان اداکار اور اداکارہ کی کرسمس ٹری سجے گی۔

شاہ رخ خان کی فلم ’زیرو‘ کا ایک منظر — فوٹو: تشہیری پوسٹر 

سلمان خان کے کپتان یعنی ڈائریکٹر’ اے بی سی ڈی‘ والے ریمو ڈی سوزا ہیں عامر خان کے دھوم تھری والے وجے کرشنا اچاریہ اور شاہ رخ خان کے تنو ویڈز منو والے آنند ایل رائے۔ عموماً عامر خان کرسمس اور شاہ رخ خان دیوالی کو ترجیح دیتے ہیں لیکن اس سال دونوں نے اپنی جگہ چھوڑ کر دوسرے کی جگہ لے لی۔

تینوں فلمیں خان ہیروز کی ہیں تو تینوں کا بجٹ یقینا زیادہ ہی ہوگا لیکن عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ہے، اس فلم سے مہنگی فلمیں تیلگو باہو بلی اور تامل روبوٹ ٹو ہیں لیکن دونوں فلموں کا تعلق جنوبی بھارت کی فلم انڈسٹری سے ہے۔

سال 2017

یہ سال کچھ عجیب تھا کچھ ہٹ کر تھا کیونکہ اس سال عامر کی ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ایورج اور شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور سلمان خان کی ’ٹیوب لائٹ‘ فلاپ ہوئی۔ سلمان خان نے بعد میں ’ٹائیگر زندہ ہے‘ اور ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ نے چین سے کمائی کر کے ساری کسر نکال دی۔

فلم ’تیوب لائٹ‘ — فوٹو: تشہیری پوسٹر 

اس سال عید پر سلمان خان کی کبیر خان کے ساتھ ٹیوب لائٹ ریلیز ہوئی لیکن فلم باکس آفس پر فیوز ہوگئی۔ اس فلم نے اپنے دیس میں 100 کروڑ اور دنیا بھر میں 200 کروڑ سے کچھ اوپر بزنس کیا۔

دیوالی پر ریلیز ہونے والی عامر خان کی چھوٹے بجٹ کی سیکرٹ سپر اسٹار نے اپنے ملک میں تو صرف 70 کروڑ کا بزنس کیا لیکن چین کی وجہ سے اس فلم کی کمائی 950 کروڑ ہوگئی۔

عامر خان کی چھوٹے بجٹ والی بڑی فلم — فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

دیوالی پر گول مال فور نے سیکرٹ سپر اسٹار کو اپنے گھر میں پچھاڑا اور اجے دیوگن کی پہلی 200 کروڑ کی فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔گول مال بالی وڈ کی کامیاب ترین سیریز ہے جس کی چاروں فلمیں سپر ہٹ ہوئیں ہیں۔گول مال نے دنیا بھر میں  300 کروڑ سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

اس سال کرسمس پر عامر خان اور شاہ رخ خان دونوں نے چھٹیاں منائی اور سلمان خان نے موقع پا کر جم کر کی کمائی، اس سال عید اور کرسمس دونوں تہواروں میں سلمان خان کی فلمیں ریلیز ہوئیں۔

فلم ’ٹائیگر زندہ ہے‘ — فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

 کرسمس پر ’ٹائیگر زندہ ہے‘ نے 300 کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا  اور یہ سلمان خان کی ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’سلطان‘ کے بعد تیسری فلم تھی جس نے 300 کروڑ کا چھکا لگایا۔

بجرنگی بھائی جان اور سلطان سلمان کا عید کا تحفہ تھیں لیکن ٹائیگر سلمان کی پہلی کرسمس ٹرپل سینچری فلم بنی۔ ٹائیگر نے دنیا بھر سے500کروڑ اپنے بینک اکاؤنٹ میں سمیٹے ۔

سال 2016

اس سال عید پر سلمان سلطان بنے عامر نے کرسمس پر دنگل مچایا لیکن دیوالی پر شاہ رخ خان کا دل مشکل میں ہی رہا۔ اس سال بھی کرسمس کا تہواروں پر راج رہا کیونکہ بالی وڈ کی تاریخ کی سب سے کامیاب فلم ’دنگل‘ جس نے اپنے دیس میں 400 کروڑ سے کچھ کم کا کا بزنس کیا یہ ریکارڈ بعد میں باہو بلی نے ہزار کروڑ کما کر توڑا۔ 

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

دنگل اب بھی دنیا بھر میں سب سے کامیاب بھارتی فلم ہے جس نے چین کی وجہ سے دو ہزار کروڑ سے زیادہ کا بزنس کیا پاکستانی روپوں میں یہ بزنس 30 ارب سے بھی زیادہ ہے۔ دنگل میں عامر خان کا داؤ چلا اِسی طرح عید پر پہلوان بن کر ہی سلمان خان باکس آفس کے سلطان بن چکے تھے۔

سلطان نے اپنے دیس میں 300 کروڑ سے زیادہ اور دنیا بھر میں 500 کروڑ سے زائد کمائی کی، اس سال عید پر رئیس کو بھی ریلیز ہونا تھا لیکن فلم فین کی ناکامی کے بعد اور پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان کی موجودگی کی وجہ سے رئیس 2017 کے شروع میں ریلیز ہوئی۔

دیوالی پر شاہ رخ خان نے انٹری دی لیکن مہمان اداکار کے طور پر فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں رنبیر کپور، انوشکا شرما، ایشوریا رائے اور فواد خان شامل تھے۔ 

رئیس کی طرح اس فلم کو بھی انتہا پسندوں نے نشانہ بنایا اور انتہائی طاقتور سمجھے جانے والے کرن جوہر کمزور نکلے انھوں نے انتہا پسندوں کے سامنے جھک کر اور فواد کے رول اور کہانی کو آگے پیچھے کر کے فلم کو دیوالی پرریلیز کیا۔

فلم نے اجے دیوگن کی شیوائے کا بھی مقابلہ کیا لیکن دونوں فلموں صرف 100، سو کروڑ سے کچھ اوپر ہی کماسکیں۔ اے دل ہے مشکل میں اگر ایشوریا رائے کا بے باک اسٹائل اور سپر ہٹ گانے نہیں ہوتے تو شاید یہ فلم شیوائے سے بھی کم بزنس کرتی۔

بہرحال اے دل ہے مشکل ناکام نہیں ہوئی ورنہ یہ فلم رنبیر کی بے شرم، بمبئے ویلوٹ، رائے اور تماشا کے بعد مسلسل پانچویں بڑی فلاپ فلم بنتی۔

سال 2015

اس سال عامر خان نے پھر پورے سال چھٹی منائی، ان کی غیر موجودگی کا فائدہ اٹھا کر کرسمس پر رنویر سنگھ اور دپیکا کی ’باجی راؤ مستانی‘ کا مقابلہ شاہ رخ خان اور کاجول کی ’دل والے‘ سے ہوا، مقابلہ صرف بڑے اسٹارز ہی نہیں بلکہ بڑے ڈائریکٹرز کا بھی تھا۔

فلم ’دل والے‘ کی اسٹار کاسٹ — فوٹو: فائل

ایک فلم کے کپتان سنجے لیلا بھنسالی دوسری کے روہت شیٹی تھے۔ دونوں فلموں کی ابتدائی ریس میں دل والے آگے رہی لیکن بعد میں باجی راؤ مستانی کا بزنس دل والے سے زیادہ ہوگیا، دونوں فلموں کا بجٹ بھی 150کے آس پاس تھا۔

شاہ رخ خان جو اپنے ساتھ آنے والی فلموں پر ہمیشہ بھاری پڑتے تھے اس بار مقابلہ ہار گئے جو کام اکشے، اجے، سلمان اور عامر خان نہیں کرسکے تھے وہ کام رنویر نے کردکھایا اور کلیش میں شاہ رخ خان کی فلم کو ہرایا۔

فلم ’باجی راؤ مستانی‘ — فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

باجی راؤ مستانی نے اپنے دیس میں 184 کروڑ دوسری طرف دل والے نے 148 کروڑ کی کمائی کی تھی۔ شاہ رخ خان نے عامر کی غیر حاضری کی وجہ سے کرسمس پر کنٹرول کیا تو سلمان خان نے عید کے ساتھ دیوالی پر بھی حق جمالیا۔

سلمان خان کی اپنے پرانے ڈائریکٹر سورج برجاتیہ کے ساتھ چوتھی فلم ”پریم رتن دھن پایو “ ریلیز ہوئی، یہ اس وقت تک کی سب سے مہنگی ترین فلم بھی تھی کیونکہ اس پر 200کروڑ کی لاگت آئی تھی۔

اس فلم میں سونم کپور اور نیل نتن مکیش بھی تھے اور سلمان کا ڈبل رول۔ فلم نے دنیا بھر سے 400 کروڑ سے اوپر کمائی کی، سورج برجاتیہ اس سے پہلے سلمان خان کے ساتھ ’میں نے پیار کیا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ جیسی میگا ہٹ فلمیں بناچکے تھے۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

یہ فلم اُن فلموں سے آگے تو نکل نہیں پائی لیکن بہر حال اس فلم نے دیوالی کی چھٹیوں کی وجہ سے اچھی خاصی کمائی ضرور کرلی۔ اس سال عید پر سلمان خان کی اب تک کی سب سے کامیاب فلم بجرنگی بھائی جان ریلیز ہوئی جس میں سلمان ”بجرنگی بھائی جان“ بنے اور فلم میں پاکستان کا چکر بھی لگایا۔

فلم میں سلمان نے دوسروں کو مارا پیٹا نہیں بلکہ سب سے مار کھائی، ہاتھ جوڑ جوڑ کر اور ”مُنی“ کو پاکستان چھوڑ کر اپنے وطن میں پورے 300 کروڑ کی عیدی کمائی۔

اس فلم میں کرینا کپور ہیروئن تھیں لیکن چائلڈ اسٹار منی اور نواز الدین صدیقی کے کردار زیادہ پسند کیے گئے، بجرنگی بھائی جان 2018میں چین میں بھی ریلیز ہوئی، اس طرح اس فلم نے اب تک دنیا بھر میں تقریباً ایک ہزار کروڑ بزنس کرلیا ہے۔

سال 2014 

یہ سال عامر خان کے نام رہا اس سال انھوں نے پی کے میں دوسرے گولے سے آکر کرسمس ویک پر سب کے دل جیت لیے۔ پی کے عامر خان کی راجکمار ہیرانی کے ساتھ دوسری فلم تھی اور دونوں اس سے پہلے تھری ایڈیٹس میں بھی ایک ساتھ کام کرچکے تھے۔

فلم ’پی کے‘ — فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

پی کے نے اتنے پیسے کمائے کہ اس فلم نے دنگل کی ریلیز تک بالی وڈ کی سب سے کامیاب فلم کا ریکارڈ اپنے پاس رکھا۔ پی کے بالی وڈ کی پہلی 300 کروڑ کمانے والی فلم بھی تھی۔

دیوالی پر شاہ رخ خان کی ’ہیپی نیو ایئر‘ ریلیز ہوئی۔یہ شاہ رخ خان کی آخری بڑی اور کلین سپر ہٹ مووی ہے جس نے دیوالی پر200 کروڑ سے اوپر کی کمائی کی۔

ہیپی نیو ایئر میں شاہ رخ خان کے ساتھ دپیکا، بمن ایرانی، ابھیشیک بچن اور سونو سود بھی تھے۔ اس فلم کی ہدایتکار شاہ رخ کی پکی دوست فرح خان تھی۔ فرح خان اس سے پہلے شاہ رخ کے ساتھ ’میں ہوں نا‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ جیسی سپر ہٹ اور اکشے کمار کے ساتھ ’تیس مار خان‘ جیسی ناکام فلم بھی بناچکی تھیں۔

— فوٹو: فلم تشہیری پوسٹر 

عید پر ایک بار پھر سلمان خان نے ”کِک“ لگائی اور 200 کروڑ کی کمائی کی، یہ فلم سلمان کے پروڈیوسر دوست ساجد نڈیاڈ والا نے ڈایئریکٹ کی تھی۔

یہ تو تھی بالی وڈمیں کرسمس، عید اور دیوالی کے پچھلے پانچ سال کی داستان اس کے علاوہ 2013کی کرسمس پر عامر خان نے دھوم تھری سے دھوم مچائی اور باکس آفس پر سارے ریکارڈ توڑ ڈالے۔

دیوالی پر شاہ رخ خان نے چھٹی کی تو ہریتھک روشن کی کرش تھری آگئی یہ سپر ہیرو فلم بھی سپر ہٹ ہوئی۔ عید کے سلطان سلمان خان اس سال بیماری کی وجہ سے عید نہیں مناسکے تو شاہ رخ خان اور اکشے کمار نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔

شاہ رخ خان کی چنئی ایکسپریس تو سپر ڈوپر ہٹ ہوئی لیکن اکشے کمار کی ’ونس اپون اے ٹائم ان بمبئی‘ بری طرح ناکام ہوئی۔ دپیکا اور شاہ رخ خان کی فلم چنئی ایکسپریس اتنے سال گزرنے کے باوجودبھی شاہ رخ خان کے کیریئر کی کامیاب ترین فلم ہے۔

فلم چنئی ایکسپریس کی اسٹار کاسٹ — فوٹو: تشہیری ایونٹ 

2012کی کرسمس ویک سلمان خان کی ’دبنگ ٹو‘ کو ملا اس فلم کے ڈائریکٹر ارباز خان تھے اور فلم نے 150 کروڑ تک کی کمائی کی۔

2011 کی کرسمس پر ڈان ٹو آیا اور 2010 کی کرسمس ناکام تیس مار خان کی قسمت میں آئی۔ 2009 میں مشہور زمانہ تھری ایڈٹس نے کرسمس پر انٹری دی اور بالی وڈ کی تاریخ کی پہلی فلم بنی جس نے دوسو کروڑ کا بزنس کیا۔

2008ک ی کرسمس بھی عامر خان کے نام ہی رہی جب ’گجنی‘ نے بالی وڈ کی پہلی 100 کروڑ فلم ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان تمام سالوں میں سلمان خان کی فلموں نے ہر عید پر جم کر کمائی کی۔ 2009 میں وانٹیڈ، 2010 میں دبنگ،2011 میں باڈی گارڈ اور 2012 میں ایک تھا ٹائیگر نے باکس آفس سے کروڑوں کی عیدی سمیٹی۔

فلم ’سن آف سردار‘ کی اسٹار کاسٹ، فلم میں سلمان مہمان اداکار تھے — فوٹو: بھارتی میڈیا

ان تمام سالوں میں عامر خان کی کرسمس اور سلمان خان کی عید پر حکمرانی تو صاف نظر آتی ہے لیکن 2012 کی دیوالی پر شاہ رخ خان کی یش چوپڑا ڈائیریکٹڈ فلم کو چیلنج کیا اجے اور سنجے کی فلم سن آف سردار نے۔

باکس آفس پر ٹکر کا دونوں بڑی فلموں کو نقصان ہوا اور دونوں فلمیں سو سو کروڑ کے آس پاس ہی بزنس کرسکی۔ 2011میں شاہ رخ خان کی مہنگی ترین سائنس فکشن فلم را ون ریلیز ہوئی اور کامیاب رہی۔

2010میں شاہ رخ دیوالی پر غیر حاضر ہوئے تو اجے دیوگن کی گول مال تھری نے اکشے کمار کی ایکشن ری پلے کو چاروں خانے چت کیا جب کہ 2009 میں اجے دیوگن کی آل دی بیسٹ اکشے کمار کی بلیو اور سلمان خان کی مسٹر اینڈ مسز کھنہ ریلیز ہوئی ان میں سے آل دی بیسٹ سپر ہٹ ،بلیو ناکام اور مسٹر اینڈ مسز کھنہ بری طرح فلاپ ہوئی۔

تیس سال ہوگئے بالی وڈ کے تینوں حکمران خان سے ان کی محنت اور کامیابی کی وجہ سے نہ تو کوئی نمبر ون کا تاج چھین سکا نہ ہی عید، دیوالی اور کرسمس کا تہوار۔

مزید خبریں :