دنیا
Time 12 مئی ، 2021

ڈیرن سیمی نے بھی فلسطین کیلئے آواز بلند کر دی

فوٹوفائل

پاکستان سپر لیگ کی ٹیم پشاور  زلمی کے کوچ اور  ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ڈیرن سیمی نے بھی فلسطین کے حق میں آواز بلند کر دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ڈیرن سیمی کی جانب سے ایک ٹوئٹ کی گئی جس میں انہوں نے فلسطین کے لیے دعا کی اپیل کی ہے۔

ڈیرن سیمی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے یہ سمجھ نہیں آتا کہ دوسروں کے ساتھ ایسا ہی برتاؤ کرنا کیوں اتنا مشکل ہے جیسا برتاؤ آپ اپنے ساتھ کیے جانے کے خواہشمند ہیں یا پھر اس سے بھی بہتر ہے ایک دوسرے کے ساتھ بطور انسان برتاؤ کریں۔

پشاور  زلمی کے کوچ کی جانب سے اپنے ٹوئٹ میں PrayForPalestine کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی عرصے سے مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے شیخ جراح سے فلسطینی مسلمانوں کو ان کے گھروں سے بے دخل کرکے یہودیوں کو آباد کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور  اس کے خلاف مسلمان سراپا احتجاج ہیں۔

گزشتہ روز بھی اسرائیل نے عید سے پہلے فلسطینیوں پر قیامت ڈھاتے ہوئے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی، 130 راکٹ حملوں میں کئی رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا، خوف سے مارے لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگتے رہے اور بچے چلاتے رہے۔

واضح  رہے کہ مسجد الاقصیٰ کی موجودہ سنگین صورتحال اور اسرائیل کے فلسطینیوں پر جاری مظالم کے خلاف مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی جانب سے شدید ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔