پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن یادیو تک فوری طورپرقونصلررسائی نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ کلبھوشن یادیو کی دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے اعتراف کی روشنی میں کیا گیاہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ایک بار پھر بھارتی مداخلت کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور اب پاکستان کلبھوشن یادیو کے انکشافات پر مبنی دستاویزی ثبوت بھی مرتب کر رہا ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ تمام دستاویزی ثبوت پاکستان اقوام متحدہ سمیت اہم ممالک کو دے گا اور اس سلسلے میں مختلف ممالک کے سفیروں کو بریفنگ بھی دی جائے گی۔