LIVE

انتہاپسندی کی روک تھام کیلئے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا چاہئے، الیزبتھ ٹروڈو

ویب ڈیسک
August 26, 2016
 

 

 

 

امریکا نے کہا ہے کہ پر تشدد اور انتہاپسندی پر مبنی واقعات کی روک تھام کےلیے پاکستان اور افغانستان کو مل کر کام کرنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار محکمہ خارجہ کی پریس ڈائریکٹر الیزبتھ ٹروڈو نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ کابل میں امریکی یونیورسٹی پر حملے میں ملوث میں کون ملوث ہیں؟ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم امریکا اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر کام کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح پرتشدد واقعات رونما نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے اس حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس ضرورت پر زور دیا ہے کہ وہ انتہاپسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرے۔

ہم نے حکومت پاکستان پر یہ بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے دہشت گرد گروپوں میں ان کی وابستی اور ایجنڈے کی بنیاد پر امتیاز نہ برتے ۔

مسز ٹروڈو کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں کوئی امتیاز نہیں کریں گے اور یہ حملہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں ابھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔