LIVE

دورہ آسٹریلیا یاسر ان فٹ، محمد اصغر متبادل کے طور پر طلب

ویب ڈیسک
December 09, 2016
 

برسبن کے وولن گابا میں پندرہ دسمبر سے شروع ہونے والے پنک بال ٹیسٹ میچ میں عالمی شہرت یافتہ لیگ اسپنر یاسر شاہ کی شرکت مشکوک ، ٹیم انتظامیہ نے یاسر شاہ کی فٹنس کو دیکھتے ہوئے بلوچستان سے تعلق رکھنے والے17سالہ لیفٹ آرام اسپنر محمد اصغر کو طلب کر لیا ہے۔

سلیکشن کمیٹی نے ٹیم انتظامیہ کی درخواست کو قبول کر لیا ہے اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ شہریار خان کی منظوری سے محمد اصغر کو بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے جو اسکواڈ میں 17ویں رکن ہوں گے۔

محمد اصغر کی سلیکشن کے بعد ایک اور لیفٹ آرم اسپنر ذوالفقار بابر کے کیئر یئر پر سوالیہ نشان آگیا ہے۔محمد اصغر پہلی بار پاکستان ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں۔محمداصغر کا تعلق چمن سے ہے۔

اصغر جو دو دن پہلے بنگلہ دیش لیگ میں شرکت کے لئے ڈھاکا گئے تھے وہ جمعرات کی شام کراچی پہنچ گئے۔اور جمعے کو کراچی سے براستہ دبئی ،کینز روانہ ہو ں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یاسر شاہ واک کررہے ہیں اور انہوں نے کینز میں نیٹ پر بولنگ شروع نہیں کی ہے۔پی سی بی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ محمد اصغر کو لیگ ا سپنر یاسر شاہ کے ان فٹ ہونے کے سبب آسٹریلیا بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد اصغر دو سال سے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیل رہے ہیں۔انھوں نے نیشنل بینک کی طرف سے زرعی ترقیاتی بینک کے خلاف اپنے پہلے ہی فرسٹ کلاس میچ کی دونوں اننگز میں نو وکٹیں حاصل کی تھیں۔

محمد اصغر ان دنوں یو بی ایل کی ٹیم سے وابستہ ہیں اور پاکستان سپر لیگ میں پشاور زلمی کی طرف سے کھیلتے ہیں۔