LIVE

ٹرمپ امریکی سفارتخانہ بیت المقدس منتقل نہ کریں، فلسطین

ویب ڈیسک
December 17, 2016
 

ایک سینیئر فلسطینی اہلکار نے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا ہے کہ وہ امریکی سفارت خانے کو بیت المقدس منتقل کرنے سے باز رہیں۔ اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ منصب صدارت سنبھالنے کے بعد وہ امریکی سفارت خانہ تل ابیب سے بیت المقدس منتقل کردیں گے۔

تنظیم آزادی فلسطین کے سینئر اہلکار صائب ارکات نے ڈونلڈ ٹرمپ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے امریکی سفارت خانہ مقبوضہ بیت المقدس منتقل کیا تو اس کے نتیجے میں خطے میں قیام امن کی تمام امیدیں دم توڑ جائیں گی اور انتشار بڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا امریکی موقف میں تبدیلی کے مترادف ہوگا کیونکہ واشنگٹن ایک عرصے سے اسرائیل کی تعمیرات کو غیر قانونی کہتا آیا ہے۔

دوسری جانب سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے سفارت خانے کی منتقلی کا فیصلہ کیا تو اس صورت میں امریکا کی جانب سے وہ تمام کوششیں ختم ہوجائیں گی جس میں وہ اسرائیل سے مقبوضہ علاقے خالی کرنے کے لیے زور دیتا رہا ہے۔

صدر اوباما بھی اپنے دور صدارت میں اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ خطے میں مسئلے کا حل دو ریاستوں کے قیام میں ہے جس پر 1967 کے معاہدے کے تحت اتفاق ہوا تھا۔