LIVE

گوگل کا عبدالستار اِیدھی کو خراجِ تحسین

عمران اسمٰعیل
February 28, 2017
 

پاکستان کے بیشتر اخبارات اور الیکٹرونک میڈیا کو شاید یاد بھی نہیں تھا کہ 28فروری عبدالستار ایدھی کا یوم ولادت ہے ۔ اب سے کچھ دنوں پہلے غالباً دسمبر یا جنوری کے شروع میں ان کی پیدائش کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خاصا شور اٹھ رہا تھا۔

یہ شور اِتنا بڑھا کہ عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی اور پوتے سعد ایدھی کو خود اس بات کی وضاحت کرنا پڑی کہ اصل تاریخ پیدائش کیا ہے۔

پیر اور منگل کی درمیانی شب گوگل نے اچانک سب کو چونکا دیا۔ وجہ تھی دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل کی جانب سے ’بابائے انسانیت ‘ عبدالستار ایدھی کے حوالے سے ڈوڈل کا اجرا۔

میری نظر میں عبدالستار ایدھی دنیا کے ایسے فاتح ہیں جنہوں نے لوگوں کے دلوں میں جگہ بناکر وہ مقام حاصل کیا جودنیا کے بڑے بڑے اور جابر حکمراں تک نہ کرسکے ۔

ایدھی صاحب نے توپوں، ٹینکوں اور بموں سے نہیں بلکہ محبت، احترام اور رواداری سے دنیا کو فتح کیا ۔

اِس ڈوڈل کے اجرا ء کی خاص بات یہ ہے کہ یہ نہ صرف پاکستان میں دیکھا جارہا ہے بلکہ دنیا کےکئی ممالک میں ایدھی صاحب ’ایدھی ڈوڈل‘ کے ذریعے جانے پہچانے جارہے ہیں ۔

ان ممالک میں سرِفہرست امریکہ ہے جبکہ باقی ریاستوں میں جنوبی کوریا،پرتگال،آئس لینڈ،برطانیہ،آئرلینڈ،یونان،سوئیڈن،آسٹریلیا، جاپان اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔

گوگل ڈوڈل کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو سب سے پہلا ڈوڈل 30 اگست 1998 کو متعارف کرایا گیا تھا۔

ڈوڈل کے اجراء کا مقصدکسی مشہور و معروف فرد واحد کی انتھک خدمات کو یاد کرنا اور آنے والی نسلوں سے اس کا تعارف کرانا ہے ۔ عموماً کسی تہوار اور کھیل کے کسی بڑے ایونٹ کی یاد میں بھی ڈوڈل کا اجراء عمل میں آتا رہا ہے۔