LIVE

مزدور اور مالک کے بچوں کیلئے برابر تعلیم چاہتے ہیں، بلاول

ویب ڈیسک
March 28, 2017
 

پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ نوجوانوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا شہید بی بی کا خواب تھا، تعلیم سے بہتر معاشرہ تشکیل دینے میں مدد ملتی ہے، ایسا معاشرہ ہونا چاہیے جہاں مزدور اور مالک کے بچوں کی برابر تعلیم تک رسائی ہو۔

شہید ذواالفقار علی بھٹو انسٹی ٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب میں بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ طلبہ کو تعلیم مکمل کرنے پر انہیں اور ان کے والدین کو مبارکباد دیتاہوں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ یونیورسٹی کی تعلیم زندگی کے ہرشعبے میں کام آتی ہے ، سیکھنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتاہے ، میری والدہ پاکستانی قوم کے عزم اور حوصلے کا ادراک رکھتی تھیں، تعلیم آپ کے لیے سب سے بڑا ہتھیار ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہناتھاکہ آپ اس قوم کے ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو ہیں، میرے خاندان نے دہشت گردی کا سامنا کیا ،میں جانتا ہوں یہ دکھ کیسا ہوتا ہے،میری ماں نے آمریت کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کی، ہمیں نا امید نہیں ہونا چاہیے، آج وہ خواب پورا ہوتا دیکھ رہا ہوں جو بی بی نے دیکھا ۔