LIVE

برازیل؛اخراجات میں کمی کےفیصلے کے بعد عوام کا شدید احتجاج

ویب ڈیسک
April 29, 2017
 

برازیل میں حکومت کی جانب سے اخراجات میں کمی کے فیصلے کے بعد عوام سڑکوں پر آگئے ۔مشتعل مظاہرین نے سرکاری عمارات پر پتھرائو کیا۔ متعدد دکانوں کے شیشے توڑ دئیے اورکئی گاڑیاں بھی جلا دیں ۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر کی جانب سے اخراجات میں کمی کے لیے ملک بھر میں بچت اقدامات کا اعلان کیا گیا تھاجس کے تحت ریٹائرمنٹ کی عمر بڑھانے اور پنشن میں کمی سمیت دیگر لیبر قوانین میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا تھا ۔

حکومت کے فیصلے کے بعد ملک کے بیشتر شہروں میں مظاہرین نے احتجاج کیا اور متعدد سرکاری عمارات پر پتھراؤ کرکے شیشے توڑ دئیے ۔

احتجاج کے دوران لیبر یونین نے فیکٹریاں ، بینک اور دیگر کاروبار بند رکھے جبکہ اسکول اور ٹرانسپورٹ بھی بند رکھی گئی تھی ۔

مظاہرین کا موقف تھا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے انہیں ریٹائرمنٹ اور پنشن کے لیے مزید عرصے تک کام کرنا ہوگا ۔