LIVE

کراچی؛ منگھوپیر میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک
May 18, 2017
 

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں گیس پائپ لائن میں دھماکے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس نے آپریشن کے دوران متعد افراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

پولیس کے مطابق گزشتہ روز منگھوپیر میں سوئی گیس کی پائپ لائن میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ منگھوپیر میں درج کرلیا گیا ہے، مقدمہ نمبر 142/2017ایکسپلوزوو ایکٹ اور انسادا دہشت گردی کی دفعات کے تحت ایس ایس جی سی کے انجینئر ریاض خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکہ خیر مواد دیسی ساختہ فائر کریکر تھا جس کا وزن تقریباً 500 سے 600 گرام تھا، دھماکے کے باعث 16 انچ قطر کی گیس پائپ لائن پھٹ گئی ۔

پولیس کی بھاری نفری نے جائے وقوع کے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن کرکے 13 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پولیس اور حساس ادارے دہشت گردی کی اس واردات میں ممکنہ طور پر کالعدم بی ایل اے کے ملوث ہونے کے حوالے سے بھی تفتیش کررہےہیں ۔