LIVE

آف شور کمپنی میں نام ثابت ہوا تو سیاست چھوڑدوںگا،رحمان ملک

ویب ڈیسک
June 23, 2017
 

سابق وزیر داخلہ اور پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ اگر میرا نام آف شور کمپنی میں ہو تو آپ ثابت کر دیں میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

جے آئی ٹی میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میں جواب دے کر آگیا ہوں اور پارٹی اور جیالوں کو خوش ہوناچاہیے کہ ان کا سر فخر سے بلند ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی روز نعرے لگاتی ہے کہ میچ وہ جیت رہی ہے لیکن جس نے پچ تیار کی اس کا نام رحمان ملک ہے،ان کے پاس ایک خط تھا، میں 2 خط اور دے آیا ہوں۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ میں اس جے آئی ٹی پر اپنا پورا اعتماد ظاہر کرتاہوں، مجھے نہیں لگتا کہ جے آئی ٹی کے اراکین متعصب ہوں گے یا کسی کے ساتھ ناانصافی کریں گے۔

اس سے پہلے سابق وزیر داخلہ دستاویزات سے بھرے بریف کیسوں کے ساتھ پاناما جے آئی ٹی میں پیش ہوئے، پیشی سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں رحمان ملک نے کہا کہ وہ بطور ایڈیشنل ڈائرکٹر ایف آئی اے اپنی تمام تفتیشی رپورٹ کی تصدیق کریں گے۔