LIVE

کیپٹن (ر) صفدر 5 گھنٹے بعد جے آئی ٹی سے باہر آگئے

ویب ڈیسک
June 24, 2017
 

وزیر اعظم نواز شریف کے داماد مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر 5 گھنٹے بعدجے آئی ٹی سے باہرآگئے۔

کیپٹن صفدر آج دن 11بجے پاناما کمیٹی کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر جوڈيشل اکیڈمی پہنچے تھے، ان سے جے آئی ٹی میں پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری رات قصہ سناتے رہے اور صبح پوچھا کہ زلیخا لڑکی تھی یا لڑکا، اخلاقی طورپر سمجھتا ہوں کہ مجھے بات افشا نہیں کرنی چاہیے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ ہم 73 کے مقدس آئین کی حفاظت کے لیے کھڑے ہیں ، قاعدے قانون کے بڑے پابند ہیں،پاناما کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جس نے پاکستان کو ایٹمی پاکستان بنایا۔

انہوں نے کہا کہ یہ کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے نکالنا چاہتا ہے، یہ سارا کام عمران خان کے ہاتھ میں ہنود ویہود نے دےرکھا ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا مزید کہنا تھا کہ عوام 2018ء میں نوازشریف کو ایک بار پھر ایک طاقت دیں گے،عمران خان خود کو پاکستان کے خلاف سازشوں سے دور کرو۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے ساتھ جے آئی ٹی کا رویہ بڑا اچھا رہا، سوال باہر سے آرہے تھے، میں نواز شریف کا داماد ہونے کے باوجود اپنے دس مرلے کے گھر کو ہی اپنا مانتا ہوں۔

کیپٹن صفدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ اپنے والد کا خالص خون آج نوازشریف کے قدموں میں نچھاور کر رہا ہوں،منی ٹریل اور دستاویزات دونوں دوں گا۔