LIVE

باکسر محمد وسیم نے انٹرنیشنل چیلنج فائٹ جیت لی

ویب ڈیسک
July 06, 2017
 

مایہ ناز پاکستانی باکسر محمد وسیم نے انٹرنیشنل چیلنج فائٹ میں پاناما سے تعلق رکھنے والے باکسر کو دوسرے راؤنڈ میں ہی ناک آؤٹ کردیا ۔

کوئٹہ سےتعلق رکھنے والے ڈبلیو بی سی سلورفلائی ویٹ چیمپئن اور باکسرمحمد وسیم کی انٹرنیشنل چیلنج فائٹ آج صبح پاناما سٹی کےاسپورٹس جمنازیم میں ہوئی، جہاں ان کا مقابلہ پاناما کے باکسر ایلی سروالڈیز سے ہوا۔

ورلڈ باکسنگ کونسل کےتحت ہونے والی فائٹ آٹھ راؤنڈز پر مشتمل تھی تاہم محمد وسیم فائٹ سےقبل ہی جارحانہ موڈ میں نظر آئے اور اس کامظاہرہ انہوں نے فائٹ کے آغاز میں پہلے ہی راؤنڈ میں حریف باکسر کو ناک آؤٹ کر کےکیا، تاہم اس نے شکست تسلیم کرنے سےانکار کردیا۔

دوسرا راؤنڈ ہوا تو اس میں بھی محمدوسیم نے مخالف پر تابڑ توڑ حملے کئے اور اسے مکمل ناک آؤٹ کردیا ۔

اس طرح محمدوسیم نے یہ فائٹ دوسرے راؤنڈ میں جیت کر مسلسل چھٹی فائٹ میں ناقابل تسخیر ہونے کا اعزاز بھی برقرار رکھا۔

باکسر محمد وسیم اپنی شاندار کامیابی پر بےحد خوش نظر آئے، ان کا کہناتھا کہ انہوں نے اس فائٹ کے لئے زبردست محنت کی تھی، پاکستانی کوچ محمدطارق سےکوچنگ کےعلاوہ انہوں نے امریکی ٹرینر جیف مے ویدر سے بھی تربیت حاصل کی ، جس کی بنا پر وہ اپنی کامیابی کے لئے نہایت پرعزم بھی تھے۔

محمد وسیم کےاہل خانہ نے بھی ان کی کامیابی پر بےحد خوشی کا اظہار کیا ۔

باکسرمحمدوسیم بین الاقوامی سطح پر کامیابی کےجھنڈے تو گاڑ ہی رہے ہیں اب اُن کا آئندہ ہدف ڈبلیو بی سی گولڈ ٹائٹل حاصل کرنےکا ہے جس کےلئے وہ رواں سال کےآخر میں جاپانی باکسر سےمقابلہ کریں گے ۔