LIVE

ومبلڈن: جملے کسنے پر کھلاڑی کا تماشائی کو چیلنج

TICKER
July 17, 2017
 

کھیل کے میدان پر شائقین کی جانب سے کھلاڑیوں کا تلخ جملوں کا سامنا کرنا کوئی نئی بات نہیں تاہم جمعے کے روز ومبلڈن کے ایک میچ کے دوران دلچپس واقعہ اس وقت دیکھا گیا جب تین مرتبہ کی گرینڈ سلیم جیتنے والی کم کلائسٹرز نے میچ دیکھنے والے ایک تماشائی کو کورٹ پر آنے کی دعوت دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرس کوئین نامی شخص کم کو سرو کرنے کے حوالے سے مشورے دے رہے تھے جس کے بعد ٹینس اسٹار نے انہیں کورٹ پر ان کی سرو کا سامنا کرنے کا چیلنج دیا۔

اس موقع پر کم کے مخالف کھیلنے والی کھلاڑی نے بھی ان کا ساتھ دیا اور اپنا ریکٹ کرس کو تھما دیا۔

تاہم دیگر شائقین کی جانب سے اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ ومبلڈن قوانین کے مطابق تمام کھلاڑیوں کو سفید رنگ کا لباس پہن کر میچ کھیلنا ہوتا ہے جس پر کم نے اپنی ایک اسکرٹ کرس کو پہنادی تاہم ایسا کرتے ہوئے وہ خود پر قابو نہ رکھ سکیں اور ہنستے ہنستے کورٹ پر ہی لوٹ پوٹ ہوگئیں۔

پھر وہی ہوا جس کی تمام شائقین توقع کررہے تھے۔ کرس کم کی سرو کو کھیلنے میں بری طرح ناکام ہوئے۔ وہ کسی طرح پہلی سرو جو جھیل گئے تاہم دوسری سرو کس تیزی سے ان کے برابر سے نکل گئی انہیں اس کا اندازہ تک نہ ہوا۔

بعدازاں تمام کھلاڑیوں اور کرس نے مل کر ایک یادگار تصویر بھی کھینچی۔