LIVE

سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے وزیراعظم اپنا متبادل لے آئیں، خورشید شاہ

ویب ڈیسک
July 25, 2017
 

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کو اپنا متبادل لے آنا چاہیے۔

میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں معزز ججز کے سوالات سے مقدمہ واضح ہوجاتا ہے اس لئے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے ہی وزیراعظم کو اپنا متبادل لے آنا چاہیے جب کہ پہلے ہی کہا تھا کہ نواز شریف کے ساتھ عمران خان بھی سپریم کورٹ کی گرفت میں آئیں گے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ وزیراعظم نازک صورتحال میں ہیں، اقامہ اور دہری شہریت جرم نہیں لیکن اسے چھپانا جرم ہے، اقامہ کسی نوکری کے لئے ہوتا ہے اور اس سے تنخواہ لی جاتی ہے۔

خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ کوئی اپوزیشن جماعت اگر نواز شریف کی حمایت کرتی ہے تو سیاسی نقصان بھی اسے ہی ہوگا تاہم اپوزیشن اتحاد میں شامل ہر جماعت اپنی پالیسی میں آزاد ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر دلی میں کھڑے ہو کر پاکستان پر الزام لگاتا ہے اور ہمارا وزیراعظم خاموش رہتا ہے، 60 ہزار جوان شہید کروا کر بھی پاکستان پر الزام تراشی خارجہ پالیسی کی ناکامی ہے۔