LIVE

کراچی: شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی، مزاحمت پر مینیجر ہلاک

ویب ڈیسک
August 08, 2017
 

کراچی میں شارع قائدین پر نجی بینک میں ڈکیتی کے بعد ڈاکوؤں نے مزاحمت کرنے پر بینک مینیجر کو ہلاک کردیا اور رقم لے کر فرار ہوگئے۔

جیونیوز کےمطابق کراچی کے علاقے شارع قائدین پر مسلح ملزمان بینک میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر رقم لوٹ لی جب کہ واردات کے بعد فرار ہونے پر بینک مینیجر نے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا تو ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے بینک مینیجر سر میں گولی لگنے سے موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔

ایس ایس پی ایسٹ عرفان بلوچ کے مطابق بینک میں 4 مسلح ڈاکو داخل ہوئے جو اسلحہ کے زور پر کیش کاؤنٹر سے تقریبا 2 سے 3 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔

ایس ایس پی کے مطابق بینک مینیجر کسی کام سے بینک سے باہر تھے کہ فرار ہوتے ڈاکوؤں کو دیکھ کر مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ ہلاک ہونے والے بینک مینیجر کی شناخت 40 سالہ عبدالرحمان موتی والا کے نام سے ہوئی ہے جس کی لاش کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے واقعے کا نوٹس لے کر ڈی آئی جی ایسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔