LIVE

شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کیلئے نیب کا سعودی حکومت کو خط

ویب ڈیسک
August 17, 2017
 

قومی احتساب بیورو نے شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی حکومت کو خط لکھ دیا۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز سمیت دیگر کے اثاثوں کی تمام تفصیلات سعودی حکومت سے مانگ لیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے لکھے گئے خط میں سعودی حکومت سے عزیزیہ مل کی خرید و فروخت کی تفصیلات بھی مانگی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق نیب نے سعودی حکومت سے مل کی خریداری کے لئی ادائیگی کے ذرائع کی تفصیلات بھی مانگی ہیں اور خط میں کہا گیا ہے کہ تمام تفصیلات 30 اگست تک فراہم کردی جائیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو سابق وزیراعظم نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز، حسن نواز، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ایم این اے کیپٹن (ریٹائرڈ) محمد صفدر کے خلاف راولپنڈی/اسلام آباد کی احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرے گا اور سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق انہیں 6 ماہ میں ان کا فیصلہ کرنا ہے۔

نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کے لیے دو ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔