LIVE

دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارائیں

ویب ڈیسک
August 18, 2017
 

فوربز میگزین نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کی فہرست جاری کردی جس میں ایما اسٹون نے سب سے زیادہ کمائی کر کے جنیفر لارنس سے زیادہ معاوضہ لینے کا اعزاز چھین لیا۔

فلم نگری میں بہترین اداکاری کے ساتھ ساتھ سب سے زیادہ معاوضہ لینے کی جنگ بھی چھڑی رہتی ہے جس کے لئے اداکار اور اداکارائیں مختلف کردار میں ڈھلنے کے لئے کسی بھی حد تک جانے کو تیار رہتے ہیں۔

سب سے زیادہ معاوضہ کی جنگ میں کبھی انجلینا جولی سرفہرست تھیں تاہم اب وہ 5 بہترین اداکاراؤں میں بھی شامل نہیں جب کہ فوربز میگزین نے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کی فہرست جاری کی ہے جس کے مطابق:

ایما اسٹون:

سالانہ 26 ملین ڈالر کمائی کرنے والی امریکی ادکارہ ایما اسٹون دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں۔ جنیفر لارنس سے سب سے زیادہ معاوضہ لینے کا اعزاز ایما اسٹون نے چھیننے کے بعد فوربز کی نئی فہرست میں پہلے نمبر پر بھی آگئی ہیں۔

ایما نے مقبول فلم 'لالا لینڈ' سے 2 ارب 73 کروڑ روپے کمائے اس فلم میں بہترین اداکاری کر کے ایما اسٹون نے بہترین اداکارہ کا بھی اعزاز اپنے نام کیا۔

جینیفر انیسٹون:

جینیفر انیسٹون 25.5 ملین ڈالر کمائی کے ساتھ دنیا کی دوسری سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ ہیں۔جنیفر نے فلموں کے معاوضے کے علاوہ کئی برینڈز اور سٹ کوم سے بھی خوب کمائی کی ہے۔

جینیفر لارینس:

جینیفر لارینس کو 24 ملین ڈالر کمانے کے بعد سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی تیسری اداکارہ قرار پائی ہیں۔ جینیفر لارینس نے اپنی فلم 'ہنگر گیمز' کی وجہ سے خوب شہرت حاصل کی۔

میلیسا میک کارتھی :

میلیسا میک کارتھی 18 ملین ڈالر کمائی کر کے دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ کمانے والی اداکاراؤں میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ میلیسا میک کارتھی اکثر کامیڈی سیریز کرتی ہیں ۔موٹاپے کے باوجود منفرد اداکاری کی وجہ سے انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

ملا کونیس :

ملا کونیس بھی بہترین اداکاری کے جلوے بکھیر کے دنیا کی ٹاپ 10 زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل ہیں۔15.5 ملین ڈالر کمانے کے باعث ان کا شمار پانچویں نمبر پر ہوتا ہے۔

ایما واٹسون:

ایما واٹسون نے 14 ملین ڈالر کما کر اپنی جگہ چھٹے نمبر پر بنائی۔ ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ' کو فلم بینوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جارہا ہے۔