LIVE

ایس ایس پی تشدد کیس، عمران اور قادری کے اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار

ویب ڈیسک
August 24, 2017
 

ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس میں عمران خان اور طاہرالقادری آج بھی پیش نہ ہوئے جس کے بعد دونوں رہنماں کے اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار ہے۔

اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں 2014 کے دھرنوں کے دوران ایس ایس پی آپریشن عصمت اللہ جونیجو پر تشدد سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

دوران سماعت پیمرا نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان اور سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی تقاریر کی ویڈیوز عدالت میں جمع کرائیں۔

عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری آج بھی عدالت کے روبرو پیش نہ ہوئے جس کے بعد معزز عدالت نے دونوں رہنماؤں کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی کے لئے تفصیلات طلب کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ اسلام آباد، لاہور اور میانوالی کے کلیکٹرز سے جائیداد کی تفصیلات حاصل کی جائیں۔

عدالت نے گواہوں کو 31 اگست کو بیان ریکارڈ کرانے کے لئے بھی پیش ہونے کا حکم دیا جب کہ ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو سمیت دیگر گواہوں کو بیانات ریکارڈ کرانے کے لئے بھی سمن جاری کردیئے گئے۔