LIVE

مردم شماری کے عبوری نتائج کے اعدادوشمار میں عجلت سے کام لیے جانے کا انکشاف

ویب ڈیسک
August 29, 2017
 

محکمہ شماریات نے مردم شماری کے بعد 10 بڑے شہروں کی شہری آبادی کے اعدادو شمار میں بعض اضلاع کو یکسر نظرانداز کیا۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مردم شماری کے عبوری نتائج جاری کردیئے ہیں جس میں ملک کی آبادی 20 کروڑ 77 لاکھ سے زائد بتائی گئی جب کہ ملک کے 10 بڑے شہروں کے اعدادو شمار بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

تاہم، 10 بڑے شہروں کے اعدادوشمار میں بعض اضلاع کو یکسر نظر انداز کردیا گیا ہے۔

کوئٹہ اور اسلام آباد کی شہری آبادی کو پنجاب کے ضلع شیخوپورہ اور بہاولپور سے کم ہونے کے باوجود ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل کیا گیا، یعنی شیخوپورہ اور بہاولپور کو بڑے شہروں کی فہرست سے باہر رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ رحیم یار خان، سیالکوٹ اور سرگودھا کی آبادی بھی کوئٹہ اور اسلام آباد سے زیادہ ہے۔

مردم شماری کے اعداد و شمار کے مطابق کراچی کے شہری علاقوں کی آبادی ایک کروڑ 49 لاکھ 10 ہزار 352 ہے اور ملک کا دوسرا بڑا شہر لاہور ہے جس میں کوئی دیہی آبادی نہیں، لاہور کی شہری آبادی ایک کروڑ 12 لاکھ 26 ہزار 285 ہے، آبادی کے لحاظ سے تیسرا بڑا ضلع فیصل آباد ہے جس میں شہری آبادی 37 لاکھ 60 ہزار 328 ہے۔