LIVE

روہنگیا مسلمانوں پرمظالم کے خاتمے میں سوچی کردار اد اکریں، برطانوی وزیر خارجہ

ویب ڈیسک
September 03, 2017
 

برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پرمظالم ختم کرانے کیلے آنگ سان سوچی کرداراداکریں۔

برطانیہ کے وزیر خارجہ بورس جانسن نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عالم کی مذمت کی اور اپنے بیان میں کہا کہ روہنگیا مسلمانوں پرمظالم سے میانمار کی ساکھ کونقصان پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے روہنگیا مسلمانوں پرمظالم ختم کرانے کے لیے امن کا نوبل انعام پانے والی خاتون رہنما آنگ سان سوچی سے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔

دوسری جانب برطانوی میڈیا بھی میانمار میں مسلمانوں پر مظالم کے خلاف چیخ اٹھا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میانمار میں ایک ہفتے کی جھڑپوں میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

برطانوی میڈیا نے بتایا کہ میانمار فوج اور بدھ مت انتہاپسندوں نےمسلمانوں کےکئی گاؤں نذرآتش کردیے جس کے باعث اب تک میانمار سے 58 ہزار سے زائد روہنگیا مسلمان نقل مکانی پرمجبور ہوئے ہیں۔