LIVE

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم: تحریک انصاف نے تحریک التوا جمع کرادی

ویب ڈیسک
September 04, 2017
 

تحریک انصاف نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی۔

تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر عارف علوی، شیریں مزاری، اسد عمر اور شفقت محمود نے روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر ایوان میں بحث کرانے کے لئے تحریک التوا جمع کرادی۔

تحریک التوا میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ برما میں مسلمانوں پر سنگین ظلم وستم پر فوری طور پر بحث کرائی جائے اور ایوان مسلمانوں کے قتل عام کا معاملہ فوری طور پر اٹھائے۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لاکھوں برمی مسلمانوں کو زندہ جلایا جارہا ہے، معاملے کی نزاکت کے پیش نظر ایوان جامع بحث کر کے قومی لائحہ عمل دے۔ 

اس سے قبل حکومت پاکستان کی جانب سے بھی میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر سنگین مظالم کا نوٹس لیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے روہنگیا مسلمانوں کے قتل کی خبروں پر رد عمل میں کہا کہ میانمار کی حکومت روہنگیا مسلمانوں کے حقوق کے لیے اقدامات کرے اور اس معاملے کی تحقیقات کراتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف ایکشن لے۔

واضح رہے کہ میانمار میں روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے دوران اب تک مسلمانوں کے 2600 سے زائد گھروں کو آگ لگادی گئی ہے جب کہ متعدد مسلمانوں کو قتل بھی کیا جاچکا ہے۔