LIVE

موسم خزاں میں بالوں کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے چند مفید نسخے

ویب ڈیسک
October 15, 2017
 

 

موسم خزاں میں خشکی اور خنکی کی وجہ سے سر کی جلد متاثر ہوجاتی ہے جس سے بال روکھے اور بے جان سے ہو جاتے ہیں  اور بالوں کی خوبصورتی میں کمی آجاتی ہے لیکن چند گھریلو نسخوں سے بالوں کی خوبصورتی برقرار رہ سکتی ہے۔

سیب: 

فوٹو فائل۔

سیب میں آئرن کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو بالوں کی نشوونما میں مدد کرتی ہے ۔آدھے سیب کے رس میں ایک چوتھائی کپ پانی ملا کر سر کی جلد پر اچھی طرح لگائیں اور آدھے گھنٹے بعد شیمپو سے سر دھولیں اس سے بالوں کی مضبوطی اور چمک برقرار رہے گی ۔

بے بی آئل :

بے بی آئل کا مساج بھی خشکی دور کرتا ہے۔ رات میں بے بی آئل کا مساج کریں اور تولئے سے سر ڈھانپ لیں ۔صبح اینٹی ڈینڈرف شیمپو سے سر کو دھولیں، اس سے خشکی میں کمی آجاتی ہے۔

ملتانی مٹی:

فوٹو فائل۔

ملتانی مٹی بھی سر کی خشکی کو بھگانے میں مفید ہوتی ہے ۔یہ نہ صرف سر کی خارش کو کنٹرول میں رکھتی ہے بلکہ جلد پر ٹھنڈک کا بھی احساس دیتی ہے ۔آدھا کپ ملتانی مٹی کو پانی میں بھگو دیں اور گاڑھا پیسٹ بنالیں اس میں ایک لیموں کا رس شامل کر لیں اور پورے سر پر اس پیسٹ کو لگا کر 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اور نیم گرم پانی سے سر دھولیں ۔ہفتہ میں دو بار کے استعمال سےکافی فرق ہوگا۔

ادرک اور چقندر:

فوٹو فائل۔

ادرک اور چقندر کا استعمال چہرے کی جلد سمیت بالوں کی جلد کے لئے بھی بے انتہا مفید ہے۔

 سر میں ہونے والی خشکی کے لئے ادرک اور چقندر کو برابر مقدار میں لے لیں اور پیسٹ بنا ئیں جس میں دو سے تین قطرے تل کا تیل ڈال دیں، اب اس پیسٹ کو سر کی جلد پر اچھی طرح لگائیں اور رات بھر لگا کر صبح سر دھو لیں ۔

 4 سے 5 دفعہ کے استعمال سے خشکی کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا۔

لیموں:

لیموں کو کاٹ کر بالوں کی جڑوں پر رگڑیں یا دہی میں ملاکر سر پر لگائیں ۔ اس سے بالوں میں زائد تیل نکل جاتا ہے اور خشکی بھی دور ہوجاتی ہے۔