LIVE

اداکارہ میرا کا عمران خان کو جمائمہ سے دوبارہ شادی کا مشورہ

ویب ڈیسک
November 15, 2017
 

میرا عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے—۔فوٹو/جیو نیوز

اداکارہ میرا نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو سابقہ اہلیہ جمائمہ سے دوبارہ شادی کا مشورہ دے دیا۔

اداکارہ میرا تکذیب نکاح کیس کی سماعت کے لیے لاہور کی مقامی عدالت میں پیش ہوئیں۔

عدالت نے تکذیب نکاح کیس سے متعلق تین صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا جس میں تمام متفرق درخواستیں خارج کردی گئیں۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ میرا  کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف تکذیب نکاح کیس میں کوئی صداقت نہیں، وہ عدلیہ کے احترام میں عدالت میں پیش ہوتی ہیں۔

شادی کے سوال پر میرا کا کہنا تھا کہ فل الحال ان کی ساری توجہ اپنے کیریئر پر مرکوز ہے اور وہ عنقریب اپنے پرستاروں کو ایک بڑی فلم میں اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔

دوسری جانب انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی سابق اہلیہ جمائمہ سے دوبارہ شادی کرنے کا مشورہ دے ڈالا اور کہا کہ 'عمران خان اچھے سیاستدان ہیں، انہیں جمائمہ سے دوبارہ شادی کرلینی چاہیے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے کسی سیاستدان سے شادی کے بارے میں کبھی نہیں سوچا لیکن لڑکا ڈھونڈ لیا ہے اور اب وہ جلد شادی کرلیں گی۔