LIVE

بھولنے کی بیماری سے بچنا چاہتے ہیں تو شادی کرلیں

ویب ڈیسک
November 29, 2017
 

اگرآپ مستقبل میں بھولنے کی بیماری سے بچنا چاہتے ہیں تو شادی کرلیں کیونکہ ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ غیرشادی شدہ افراد کی نسبت شادی شدہ افراد میں اس بیماری کے امکانات 30 فیصد تک کم ہوجاتے ہیں۔

برطانوی ماہرین کی رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں8 لاکھ سے زائد افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ زندگی بھر شادی شدہ افراد کا دماغ متحرک رہتاہے جو اس بیماری کو پنپنے سے باز رکھتا ہے۔

سماجی رشتوں اور محبت کے تعلق سے جڑے لوگ اپنی صحت کا بھرپور خیال رکھتے ہیں اور بیمار پڑنے کی صورت میں فوری معالج کے پاس جاتے اور ادویات لیتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ یہ تمام عناصر بھولنے کی بیماری کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق بیوہ خواتین میں اس بیماری کے پیدا ہونے کا خطرہ 20 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ریسرچ سے یہ بھی پتہ چلا ہے کہ شادی شدہ لوگوں میں ہارٹ اٹیک کی صورت میں بچنے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں جبکہ شادی شدہ افراد میں بلند فشار خون اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کے خطرات بھی کم ہوتے ہیں۔

اس کے برعکس غیرشادی شدہ افراد میں بھولنے اور دیگر دماغی بیماریاں لاحق ہونے کے امکانات 42 فیصد تک زیادہ ہوتے ہیں۔