LIVE

کراچی: کاشتکاروں کا بوٹ بیسن پر احتجاج، پولیس کا لاٹھی چارج

ذیشان شاہ
December 11, 2017
 

پولیس نے بلاول ہاؤس کے سامنے کی دونوں سڑکیں بند کردیں، فوٹو/ اسکرین گریب، جیونیوز

کراچی: کاشتکاروں نے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ گنے کے نرخ کے خلاف احتجاج کے دوران بلاول ہاؤس جانے کی کوشش کی جو پولیس نے ناکام بنادی۔

کراچی میں بوٹ بیسن پر گنے کے کاشت کاروں نے حکومت کے مقرر کردہ نرخ کے اخلاف احتجاج کیا، اس دوران مظاہرین نے بلاول ہاؤس جانے کی کوشش کی جسے علاقے میں تعینات پولیس کی بھاری نفری نے ناکام بنادیا۔

پولیس نے بلاول ہاؤس جانے والے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا اور واٹر کینن کا بھی استعمال کیا جب کہ متعدد مظاہرین کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

کاشت کاروں کے احتجاج کے باعث پولیس نے بلاول ہاؤس کے سامنے کی دونوں سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کردیں جس سے علاقے میں ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ ماہ ایک مہینے کی تاخیر سے کرشنگ سیزن کے لیے گنے کی قیمتوں کے نرخ مقرر کیے تھے۔