LIVE

سیاسی یتیموں کے ٹولے نے پیٹ پرستوں کی بھرتی کے سوا کچھ نہیں کیا؟ بلاول بھٹو

ویب ڈیسک
January 12, 2018
 

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ پنجاب کی میٹرو اور خیبر پختونخوا کے درخت چاہئیں یا مفت علاج؟

سیہون میں امراض قلب کے اسپتال این آئی سی وی ڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ قلندر کی نگری پر دہشت گردی کے واقعے کو سانحہ سیہون کی جگہ سانحہ اسپتال بنا کر پیش کرنیوالوں کو شرم آنی چاہیے۔

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں اشتہارات کے علاوہ اور کہاں ترقی ہوئی ہے؟ اور سیاسی یتیموں کے ٹولے نے وزیروں، مشیروں اور پیٹ پرستوں کی بھرتی کے سوا کیا ہی کیا ہے؟

ان کا کہنا ہے کہ شوباز شریف نے لاہور میں نامکمل اسپتال کا افتتاح کیا لیکن اب اس نامکمل اسپتال کو پیپلزپارٹی مکمل کرے گی جب کہ فیصلہ عوام کو کرنا ہے کہ پنجاب کی میٹرو ویٹرو اور خیبرپختونخوا کے درخت ورخت چاہئیں یا مفت علاج؟

بلاول بھٹو نے کہا کہ میرے نانا اور میری والدہ نے اپنی زندگی ہمیشہ صحت کے شعبے میں صرف کی اور ہم نے بھی اپنی تمام تر توانائیاں لوگوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی پر صرف کیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں بہت کام ہونے کے باوجود آج بھی مسائل ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے ہماری نیت پر شک نہیں کیا جاسکتا جب کہ سندھ کی ترقی کے لیے اپنی کمٹمنٹ پر 100 فیصد قائم ہیں۔