LIVE

عمران طاہر پر تماشائی کے نسل پرستانہ جملوں کی تحقیقات کا آغاز

ویب ڈیسک
February 13, 2018
 

فوٹو: فائل

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ بھارت کے خلاف چوتھے ایک روزہ میچ کے دوران تماشائی کی جانب سے لیگ اسپنر عمران طاہر پر نسل پرستانہ جملوں کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے جنوبی افریقی بورڈ کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں بتایا ہے کہ ہفتے کے روز وانڈرز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں عمران طاہر پر تماشائی نے نسل پرستانہ جملوں کسے اور اس مبینہ واقعے کے بارے میں انہوں نے سیکیورٹی حکام کو بتایا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران طاہر دو سیکیورٹی اہلکاروں کے ہمراہ گراؤنڈ کے اسٹینڈز میں گئے تاکہ اس شخص کی شناخت کی جائے جس نے ان پر جملے کسے اور گالیاں دیں۔

یاد رہے کہ 6 ایک روزہ میچز کی سیریز کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو ڈک ورتھ لیوس قانون کے تحت پانچ وکٹوں سے شکست دی تھی اور اسی میچ میں یہ واقعہ پیش آیا۔

پروٹیز کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اس ویڈیو کے بارے میں بھی آگاہ ہیں جس میں عمران طاہر اسٹینڈز میں تماشائیوں کے آمنے سامنے دکھائی دے رہے ہیں تاہم انہوں نے کسی تماشائی کو چھوا تک نہیں۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے قوانین کے مطابق نسل پرستانہ برتاؤ میں ملوث تماشائیوں کو اسٹیڈیم سے بے دخل کرنے اور مزید پابندیوں کے علاوہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

لیگ اسپنر عمران طاہر 

38 سالہ پاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر اب تک 20 ٹیسٹ، 84 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کر چکے ہیں۔ 

عمران طاہر ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی میچز میں 57،57 اور ایک روزہ کرکٹ میں 139 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔