LIVE

پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی پیشکش کردی

فیضان لاکھانی
February 14, 2018
 

بھارت کی جانب سے ٹیکس مسائل کے باعث چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کا معاملہ عدم یقینی کا شکار ہونے کے بعد پاکستان نے 2021 ایڈیشن کی میزبانی کی پیشکش کردی ہے۔

آئی سی سی نے اس سے قبل بھارت میں آئی سی سی ایونٹس کے لیے ٹیکس چھوٹ نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

پی سی بی ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ گزشتہ ہفتے کے آئی سی سی اجلاس کے دوران اس معاملے پر بحث جاری تھی جس کے دوران پی سی بی نے ایونٹ کی میزبانی کی پیشکش کی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے آئی سی سی کو پاکستانی حکومت کی جانب سے ٹیکس چھوٹ دلانے کی یقین دہانی بھی کروادی۔

اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ آئی سی سی سالانہ بورڈ اجلاس میں کیا جائے گا۔

 گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی اور بھارتی ٹیکس مسائل کی وجہ سے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے امکانات روشن ہیں۔

اس بات کا بھی امکان موجود ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں گرین شرٹس کے میچز پاکستان میں کروادیے جائیں جبکہ دیگر میچز کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں کردیا جائے۔