LIVE

افغانستان: مختلف شہروں میں دھماکے، فوجی اہلکاروں سمیت 25 سے زائد ہلاک

ویب ڈیسک
February 24, 2018
 

خودکش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہلکار الرٹ کھڑے ہیں—۔ فوٹو/ رائٹرز

کابل: افغانستان کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں کے نتیجے میں فوجی اہلکاروں سمیت 25 سے زائد افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے بتایا کہ کابل کے علاقے شش درک میں ایک خودکش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر ایک شخص ہلاک ہوا اور کئی زخمی ہوئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق دھماکے کے دیگر 2 زخمی بھی دم توڑ گئے ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد تین ہوگئی ہے۔

ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خودکش دھماکا افغان انٹیلی جنس ایجنسی، نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے ایک کمپاؤنڈ میں ہوا۔

این ڈی ایس کا یہ کمپاؤنڈ نیٹو اور امریکی سفارت خانے کے قریب واقع ہے۔ واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبے ہلمند میں دو کار بم دھماکوں میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ 

افغان میڈیا کے مطابق پہلا دھماکا ضلع ناد علی اور دوسرا لشکر گاہ میں ہوا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے۔

صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ پہلا کار بم دھماکا فوجی کیمپ کے قریب ہوا جس میں ہلاک ہونے والے تینوں فوجی اہلکار ہیں جب کہ دھماکے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

علاوہ ازیں گزشتہ شب صوبہ فارا میں ملٹری کیمپ پر طالبان نے حملہ کیا جس میں 20 افغان فوجی مارے گئے۔

ؔیاد رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں بھی ایک خودکش بمبار نے اسی کمپاؤنڈ کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔

رواں برس کے آغاز سے افغان دارالحکومت میں متعدد بڑے دہشت گرد حملے ہوئے، جن کے نتیجے میں 130 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔