LIVE

نیب کا بلین ٹری منصوبے میں مبینہ خرد برد کی شکایت کی تحقیقات کا فیصلہ

ویب ڈیسک
March 12, 2018
 

قومی احتساب بیورو نے خیبر پختونخوا حکومت کے بلین ٹری سونامی منصوبے میں مبینہ خردبرد کی شکایت کی جانچ پڑتال فیصلہ کیا ہے۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے افسران کے خلاف ہائر ایجوکیشن ڈویژن کے چیئرمین مختار احمد کی مبینہ غیر قانونی تقرری کی جانچ پڑتال کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں غیر قانونی نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف انکوائریوں میں پیشرفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب راولپنڈی کو حکم دیا کہ عوام کی عمر بھر کی لوٹی جمع پونجی کی واپسی کو ناصرف یقینی بنایا جائے بلکہ بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اس کے علاوہ چیئرمین نیب نے حکام کو تمام انکوائرییاں اور انویسٹی گیشنز کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اپنی عمر بھر کی جمع پونجی کو قانون کے مطابق قائم نجی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پوری تسلی اور اطمینان کے بعد لگائیں۔