LIVE

صحافی ذیشان قتل کیس: سپریم کورٹ کا مرکزی ملزم کو 10 روزمیں گرفتارکرنےکاحکم

ویب ڈیسک
April 14, 2018
 

سپریم کورٹ نے آئی جی پنجاب کو سمبڑیال میں قتل ہونے والے صحافی ذیشان بٹ کے قتل کے مرکزی ملزم کو 10 روز میں گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

سمبڑیال میں صحافی کے قتل سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں ہوئی۔

سماعت کے دوران آئی جی پنجاب عارف نواز نے صحافی ذیشان بٹ کے قتل کے ملزموں کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی۔

آئی جی پنجاب سے بتایا کہ ملزم ثقلین علی، شاہد اور شاہد محمود کو گرفتار کر لیا ہے تاہم قتل کا مرکزی ملزم عمران عرف مانی مفرور ہے۔

چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ مرکزی ملزم کو کب تک گرفتار کریں گے۔

انسپکٹر جنرل پولیس عارف نواز نے کہا کہ ملزم عمران کی گرفتاری کے لیے 10 روز کی مہلت دی جائے۔

سپریم کورٹ نے ذیشان بٹ کے قتل کے ملزم عمران کو 10 روز میں گرفتار کر کے عمل درآمد رپورٹ طلب کر لی۔

یاد رہے ذیشان بٹ کو 27 مارچ کی دوپہر کو اس وقت قتل کیا گیا جب وہ دکانداروں پر عائد کیے جانے والے ٹیکس کے حوالے سے معلومات لینے یونین کونسل بیگوالا کے دفتر پہنچے تھے۔

اطلاعات کے مطابق صحافی ذیشان بٹ اور یوسی چیئرمین عمران چیمہ کے درمیان ماضی میں بھی سیاسی طور پر رنجشیں رہی ہیں۔

ان دونوں نے بلدیاتی انتخابات میں بھی ایک دوسرے کے خلاف الیکشن لڑا تھا۔

ذیشان بٹ پر تین گولیاں فائر کی گئی تھیں جس کے بعد مرکزی ملزم عمران چیمہ موقع سے فرار ہوگیا تھا، ساتھ ہی ملزم کے اہلخانہ بھی علاقہ چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جدید تکنیکی طریقوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کی تلاش جاری ہے۔