LIVE

ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی کراچی کی تقرری کا اشتہار عدالت میں چیلنج

ویب ڈیسک
May 07, 2018
 

حکومت سندھ کی جانب سے 21 گریڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے لئے دیا گیا اشتہار غیر قانونی ہے، درخواست گزار—فائل فوٹو۔

کراچی: ڈائریکٹر قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی کی تقرری کے اشتہار کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔

درخواست کی سماعت جسٹس عرفان سعادت کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے کی۔

درخواست این آئی سی وی ڈی کے سینئیر ڈاکٹر اشتیاق احمد نے دائر کی جس میں ان کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ نے ڈائریکٹر این آئی سی وی ڈی کی تقرری کی عمر 65برس مقرر کی ہے جو کہ غیر قانونی ہے۔

درخواست گزار کے مطابق حکومت سندھ نے من پسند شخص کو نواز نے کیلئے تقرری کی حد عمر میں تبدیلی کی۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ حکومت سندھ کی جانب سے 21 گریڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے لئے دیا گیا اشتہار غیر قانونی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں سربراہ کی تعیناتی مستقل اسامی ہے کنٹریکٹ پر نہیں کی جاسکتی۔ اسپتال کی گورننگ باڈی سربراہ کا تعین کرنا کا حق رکھتی ہے۔ حکومت سندھ کے غیر قانونی اقدام سے سنیارٹی متاثر ہورہے ہے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ڈپٹی اٹارنی جنرل ،سیکریٹری صحت ودیگر کو 23مئی کیلئے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔