LIVE

مسلم سپر ہیرو ’مس مارول‘ پر فلم تیاری کے مراحل میں

ویب ڈیسک
May 15, 2018
 

مس مارول کی ہم زاد نیو جرسی کی رہائشی ایک 16 سالہ پاکستانی نژاد امریکی لڑکی کمالہ خان ہے—.فوٹو/ بشکریہ مارول 

مارول اسٹوڈیوز کے بینر تلے ایک خاتون مسلم سپر ہیرو پر بننے والی فلم ’مس مارول‘ تیاری کے مراحل میں ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق فلم ’اوینجرز: انفائنائٹ وار‘ کے فلم ساز کیون فیج نے بتایا کہ ’مس مارول پر کام جاری ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ مارول سینمیٹک یونیورس (ایم سی یو) نو عمر سپر ہیرو مس مارول اور ان کی ہمزاد کمالہ خان پر فلم بنانے جارہا ہے۔

کیون فیج نے وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ 'یہ کامک بکس کا ایک کردار ہے، ایک ایسی مسلم سپر ہیرو جو کیپٹن مارول سے متاثر ہے۔'

کمالہ خان کون ہے؟

اس کامک بک میں 'مس مارول' کی ہم زاد نیو جرسی کی رہائشی ایک پاکستانی نژاد امریکی نوعمر لڑکی کمالہ خان ہے۔

16 سالہ کمالہ خان اپنی ہیٔت بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

 اس کردار کو امریکی کامک بک سیریز ’مارول کامک‘ میں تخلیق کیا گیا، جس کے تخلیق کار ثنا امانت اور اسٹیفن ویکر ہیں، جبکہ اس کے مصنف جی ویلو ولسن ہیں۔

کمالہ پہلی بار اگست 2013 میں پبلش ہونے والی کامک بک 'کیپٹن امریکہ' میں نظر آئی اور بعد ازاں 2014 میں 'مس مارول' کے نام سے ان کی اپنی کامک بک شائع ہوئی، جسے بے حد پسند کیا گیا۔