LIVE

ناکافی فنڈز کی وجہ سے ایشین گیمز کے ٹریننگ کیمپ بند

سہیل عمران
May 16, 2018
 

ٹریننگ کیمپ کا بند ہونا انتہائی افسوسناک ہے، سیکریٹری ریسلنگ۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ناکافی فنڈز کی وجہ سے ایشین گیمز کے ٹریننگ کیمپ بند کر دیے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ نے ناکافی فنڈز کی وجہ سے ایشین گیمز کی تیاری کے لیے ریسلنگ، کراٹے اور جوڈو کے کیمپ بند کر دیے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ٹریننگ کیمپ بند ہونے کے باعث کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ سمیت متعدد کھلاڑیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

خیال رہے کہ ایشین گیمز رواں برس اگست میں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہونے ہیں۔

سیکریٹری ریسلنگ ارشد ستار کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ٹریننگ کیمپ بند کرنا انتہائی افسوسناک ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ کیمپ نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کی ٹریننگ بری طرح متاثر ہو رہی ہے لیکن ہمیں بتایا گیا ہے کہ جلد کیمپ شروع ہو جائیں گے۔