LIVE

کپتان سرفراز احمد 2 ماہ سے تنخواہ سے محروم

عتیق الرحمٰن
May 26, 2018
 

پی آئی اے نے کپتان سرفراز کی دو ماہ کی تنخواہ روک لی—.فائل فوٹو

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی  اے) نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد سمیت 90 سے زائد کھلاڑیوں کی حاضری نہ لگانے کی وجہ سے دو ماہ کی تنخواہیں روک لی ہیں۔

سرفراز احمد ڈومیسٹک کرکٹ میں پی آئی اے کی نمائندگی کرتے ہیں اور اس کے ملازم ہیں لیکن مسلسل غیر حاضر ہونے کی وجہ سے ان کی دو ماہ تنخواہ روک دی گئی ہے۔

اسی طرح پی آئی  اے ہاکی، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے کئی کھلاڑی بھی تنخواہوں کو ترس گئے ہیں۔ ان میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز اور کئی اولمپئنز بھی شامل ہیں۔

 پی آئی اے کے کھلاڑی تربیتی کیمپ اور غیر ملکی دوروں کی وجہ سے حاضری سے مستثنی ہوتے ہیں۔

پی آئی اے کے ترجمان مشہود تاجور نے اس معاملے پر جیو نیوز کو بتایا کہ کسی بھی کھلاڑی کی تنخواہ جان بوجھ کر نہیں روکی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹائم مینجمنٹ سسٹم کی وجہ سے جب تک ملازم حاضری نہیں لگائے گا تو خود پخود اس کی تنخواہ رک جاتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سرفراز سمیت دیگر کھلاڑی حاضری سے مستثنی ہیں، سسٹم میں کھلاڑیوں کے نام اپ ڈیٹ نہیں کیے گئے جس کی وجہ سے تنخواہ کا معاملہ سامنے آیا ہے تاہم ایک دو روز میں کھلاڑیوں کی تنخواہوں کا معاملہ حل ہوجائے گا۔