LIVE

اکرم خان درانی کے قافلے پر حملے کا مقدمہ درج، بنوں میں سیکیورٹی سخت

ویب ڈیسک
July 14, 2018
 

بنوں کے مضافاتی علاقے حوید میں اکرم خان درانی کے قافلے پر ہونے والے دھماکے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے—۔ فائل فوٹو

بنوں: صوبہ خیبرپختونخوا کے شہر بنوں میں گزشتہ روز متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے کے قریب بم دھماکے کے بعد شہر میں سیکیورٹی انتہائی سخت ہے، دوسری جانب واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تھانہ حوید میں درج کرائے گئے مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اور  این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار اکرم خان درانی کے قافلے پر بنوں کے مضافاتی علاقے میں بم حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، تاہم اکرم خان درانی اس دھماکے میں محفوظ رہے تھے۔

اکرم خان درانی قومی اسمبلی کے حلقے این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)کے ٹکٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مدمقابل الیکشن لڑ رہے ہیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اکرم خان درانی نے بتایا تھا کہ دھماکا ان کی جیپ کے ٹائر کے ساتھ ہوا، جس سے ان کی گاڑی کے ٹائر، شیشے اور باڈی تباہ ہوگئی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ ان واقعات سے ڈرنے والے نہیں ہیں، انہوں نے ساری زندگی خطرات میں گزاری ہے۔

واقعے کے بعد شہر میں سیکیورٹی سخت ہے اور پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔