LIVE

پرانی بوتلوں پر نیا لیبل لگا کر قوم کو مزید دھوکا نہیں دیا جا سکتا، سراج الحق

ویب ڈیسک
July 15, 2018
 

امیر جماعت اسلامی سراج الحق ایم ایم اے کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے ہیں۔ فوٹو: بشکریہ جے آئی/فیس بک

 کراچی: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ پرانی بوتلوں پر نیا لیبل لگا کر قوم کو مزید دھوکا نہیں دیا جا سکتا۔

کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ایم اے کے نائب صدر سراج الحق کا کہنا تھا کہ بلاول کے اپنے والد کے وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنے پر پابندی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگ ہیں جو رات کو سوتے میں پاکستان کے وزیراعظم ہوتے ہیں۔

مخلوط حکومت بننے سے متعلق سوال پر سراج الحق کا کہنا تھا کہ نہیں سمجھتا کہ مخلوط حکومت بنے گی۔

قبل ازیں امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے دیگر پارٹی قائدین کے ہمراہ باغ جناح کا دورہ کیا جہاں آج  دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل سیاسی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

متحدہ مجلس عمل کے باغ جناح میں ہونے والے جلسہ عام سے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمان، سراج الحق اور ساجد میر سمیت دیگر خطاب کریں گے۔

جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور جلسہ گاہ کی سیکیورٹی کے لیے رضاکار اور پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔

منتظمین کی جانب سے جلسہ گاہ کے اطراف بینرز، پارٹی پرچم اور قائدین کے تصاویر کے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں جب کہ جلسہ عام سے مرکزی قائدین شام 6 بجے خطاب کریں گے۔