LIVE

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاملے پر عمران خان کا فیصلہ قبول ہوگا، خٹک

ویب ڈیسک
July 30, 2018
 

تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں، میرے بارے میں عمران خان جو فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہوگا، پرویز خٹک—فائل فوٹو۔

پشاور: رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ کے حوالے سے پارٹی چیئرمین عمران خان جو فیصلہ کریں گے انہیں قبول ہوگا۔

منتخب ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی اختلاف نہیں، میرے بارے میں عمران خان جو فیصلہ کریں گے مجھے قبول ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے۔

اس سے قبل ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا تھا کہ عمران خان عاطف خان کو خیبرپختونخوا کا وزیراعلیٰ بنانا چاہتےہیں لیکن پرویز خٹک کسی صورت وزارت اعلیٰ کی دوڑ سے پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ پرویز خٹک نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا بننے کیلئے لابنگ شروع کردی ہے اور عمران خان انہیں قومی اسمبلی میں لانا چاہتے ہیں۔

ذرائع نےبتایا کہ پرویز خٹک نے 45 نو منتخب ایم پی ایز کا اجلاس اسپیکر ہاؤس پشاور میں بلایا جس کے ذریعے وہ عمران خان پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں۔