LIVE

ووگ انڈیا کے سرورق پر شاہ رخ خان کی بیٹی کی تصویر، تنقید کا بازار گرم ہوگیا

ویب ڈیسک
August 02, 2018
 

بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی صاحبزادی سہانا خان—.فوٹو/ بشکریہ ووگ انڈیا

بھارت کے مشہور جریدے ’ووگ انڈیا‘ کے حالیہ شمارے کے سرورق پر بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی صاحبزادی سہانا خان کے فوٹو شوٹ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ کنگ خان نے 31 جولائی کو اپنی ایک ٹوئیٹ میں ووگ انڈیا کا سرورق شیئر کرکے اپنی بیٹی کو سراہا تھا۔


تاہم سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر متعدد صارفین نے جریدے کے سرورق پر سہانا خان کی تصویر کو ’اقربا پروری‘ قرار دیا اور کہا کہ وہ کوئی اسٹار نہیں اور نہ ہی ان کے کریڈٹ پر کوئی فنی کامیابیاں ہیں، لیکن شاہ رخ خان کی وجہ سے انہیں بھی اسٹار قرار دیا جارہا ہے۔

ایک بھارتی صحافی کرنیکا کوہلی نے ووگ کے سرورق پر لکھے گئے الفاظ کو دہرایا اور لکھا کہ ’طالبہ، تھیٹر پسند، مستقبل کی اسٹار اور اسٹار کی بیٹی جو تب تک ان کی فلموں کے لیے خرچ کریں گے جب تک کہ وہ اسٹار نہیں بن جاتیں‘۔

علاوہ ازیں انہوں نے بالی وڈ ہدایت کار کرن جوہر کو بھی تنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ’اقرباءپروری کی دھوم ہے‘۔


بھارتی ٹی وی اداکارہ بھومیکا چڈا نے بھی اپنی ٹوئیٹ میں خفگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’تصور کریں کہ ہر دن کوئی نیا امتحان ہو اور آپ کو کسی بھی وجہ سے مسترد کردیا جائے، لیکن وہ وجہ ٹیلنٹ نہ ہو'۔

ساتھ ہی انہوں نے لکھا، 'مجھے اس پر اعتراض ہے کہ جب سہانا خان ووگ انڈیا آفس گئیں تو ان کو کسی نے نہیں کہا ہوگا کہ آپ مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتیں‘۔


ایک صارف نے ووگ انڈیا کے تمام امیدواروں پر میم بنائی اور دکھایا کہ سب آڈیشن کے لیے موجود ہیں، سہانا کو تو یہاں بھی جانے کی ضرورت نہیں پڑی ہوگی۔










ایک صارف نے لکھا کہ سہانا خان کا ووگ انڈیا کے کور پیج پر ہونا ایسا ہے کہ جیسے انہوں نے سری دیوی کی صاحبزادی جھانوی کپور کو اسکرین پر دیکھا ہو اور پھر اپنے پاپا کو کہا ہو کہ ’میرے کو بھی چاہیے‘۔

واضح رہے کہ 18 سالہ سہانا خان نے اب تک بالی وڈ میں کوئی ڈیبیو نہیں دیا ہے اور ان کی تعلیم کا سلسلہ جاری ہے۔