LIVE

این اے 249: شہباز شریف کو دوبارہ گنتی کیلئے الیکشن ٹریبونل جانے کی ہدایت

ویب ڈیسک
August 10, 2018
 

عدالت کا ٹریبونل کو ایک ماہ کے اندر دوبارہ گنتی سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم — فوٹو: فائل 

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو این اے 249 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست نمٹادی۔

کرا چی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 سے پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا نے شہبازشریف کو شکست دی جس کے بعد حلقے میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے (ن) لیگ کے صدر نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران بے ضابطگیاں ہوئی ہیں لہٰذا دوبارہ گنتی کی جائے اور فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روکا جائے۔

شہباز شریف کی درخواست پر عدالت نے تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار فیصل واوڈا کا نوٹیفکیشن روک دیا تھا۔

عدالت نے اب فیصلے میں درخواست گزار کو الیکشن ٹریبونل سے رجوع کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے ٹریبونل کو دوبارہ گنتی سے متعلق میرٹ پر فیصلے کی ہدایت دی ہے جب کہ ٹریبونل کو ایک ماہ کے اندر دوبارہ گنتی سے متعلق فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹادی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں این اے 249 کراچی سے فیصل واوڈا 35344 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے تھے جب کہ شہباز شریف 34626 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے تھے۔