LIVE

کراچی: عوامی شکایات پر غیراخلاقی سرگرمیوں میں ملوث کئی خواجہ سرا گرفتار

افضل ندیم ڈوگر
September 11, 2018
 

خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف کلفٹن تھانے پہنچ کر شدید احتجاج کیا۔ فوٹو: فائل

کراچی:کراچی کے علاقے کلفٹن میں بدکاری میں خواجہ سراؤں کے ملوث ہونے کی عوامی شکایات پر پولیس نے نصف درجن سے زائد خواجہ سراؤں کو حراست میں لے لیا۔ 

پولیس ذرائع کے مطابق بعض شہریوں کی جانب سے تھانے میں براہ راست یا مددگار 15 پر شکایات درج کرائی گئی جس کے بعد شہر کے پوش علاقے کلفٹن میں کارروائی کرتے ہوئے کئی خواجہ سراؤں کو گرفتار کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ زمزمہ اسٹریٹ اور زمزمہ پارک کے اطراف کی سڑکوں اور چوراہوں پر فیشن ایبل عورتوں اور لڑکیوں کا روپ دھارے خواجہ سرا راہ گیروں اور عام شہریوں کو دعوت گناہ دیتے اور تنگ کرتے نظر  آتے ہیں۔ 

شہریوں کے مطابق خراجہ سراؤں کے ساتھ مالشیوں کے روپ میں بھی بعض افراد شریک کار دیکھے گئے ہیں۔ 

ایس ایچ او کلفٹن جاوید احمد ابڑو کے مطابق انہوں نے تعزیرات پاکستان کی دفعہ 228، 18، 294 و 34 کارروائی کرتے ہوئے ایسے عناصر کی رنگے ہاتھوں گرفتاریاں کیں اور ان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

خواجہ سراؤں کی بڑی تعداد نے ساتھیوں کی گرفتاری کے خلاف کلفٹن تھانے پہنچ کر شدید احتجاج کیا اور مخصوص انداز میں نعرے لگاتے اور سینہ کوبی کرتے تھانے میں گھس گئے۔

واضح رہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں خواجہ سراؤں کی ملی بھگت سے پولیس عام شہریوں کو تنگ کرتی اور رقوم بٹورتی نظر آتی ہے۔