LIVE

کراچی: سب مشین گن کے زور پر ڈکیتی کی وارداتیں پولیس کارکردگی پر سوالیہ نشان

ویب ڈیسک
September 14, 2018
 

سی سی ٹی وی ویڈیو میں ایک کیپ پہنے ڈاکو کو جدید اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے— اسکرین گریب

کراچی: شہرِ قائد میں سرگرم جرائم پیشہ گروہ ڈکیتی کی کارروائیوں کے نت نئے انداز اپنانے لگے ہیں اور سب مشین گن (ایس ایم جی) سمیت جدید اسلحے کے زور پر معصوم شہریوں کو لوٹنا ایک معمول بن گیا ہے۔

گزشتہ دنوں پاک کالونی میں کمپیوٹر رپیئرنگ کی 2 دکانوں میں بھی ڈکیتی کی واردات ہوئی۔

 جیو نیوز کو موصول واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں 6 ڈاکوؤں کو ہیلمٹ اور کیپ پہنے جدید اسلحے کے زور پر لوٹ مار کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جو کارروائی کرتے ہی فرار ہوگئے۔

کارروائی کرتے ہی ڈاکو فرار ہوگئے— اسکرین گریب

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی ویڈیو کی مدد سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔

2 روز قبل نیو کراچی میں بھی ایس ایم جی بردار ڈکیت گروپ کے سرگرم ہونے کا انکشاف ہوا تھا۔

جدید مشین گنوں کی آسانی سے دستیابی اور ڈکیتی جیسی واداتوں میں آزادانہ استعمال پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

تفتیشی ادارے اس پہلو پر بھی غور کر رہے ہیں کہ ڈکیتی کی وارداتوں میں استعمال ہونے والا یہ جدید اسلحہ اصلی ہے یا لوگوں پر خوف طاری کرنے کے لیے کھلونا بندوقوں کا سہارا لیا جا رہا ہے۔