LIVE

مشرف کے بعد عمران خان سے زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں: سابق بھارتی انٹیلیجنس چیف

ویب ڈیسک
December 09, 2018
 

بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت—.فوٹو فائل 

چندی گڑھ: بھارتی خفیہ ایجنسی کے سابق سربراہ امرجیت سنگھ دولت کا کہنا ہے کہ پرویز مشرف کے بعد عمران خان سے ہم زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں۔

بھارتی نیوز سائٹ ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق چندی گڑھ میں فوجی لٹریچر میلے کے موقع پر جاسوسوں کی ذہانت سے متعلق سیشن سے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' کے سابق سربراہ ا امرجیت سنگھ دولت اور بھارتی ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ نے خطاب کیا۔ 

انہوں نے ممبئی حملہ کیس سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار بھی کیا۔

اے ایس دولت کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف جیسا معقول شخص 30 برس میں نہیں دیکھا ان کے بعد عمران خان سے ہم زیادہ توقع رکھ سکتے ہیں، بھارت کو چاہیے کہ وہ عمران خان کو وقت اور موقع دے کہ پاکستانی وزیراعظم اپنے ارادوں پر عمل کر سکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے لیس دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت ہی پیشرفت کا واحد راستہ ہے، پاک بھارت خفیہ ایجنسیوں کے درمیان اداروں کی سطح پر انتظام ہونا چاہیے۔

لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ کمال داوڑ کا کہنا تھا کہ عمران خان کو کونے میں نہ دھکیلیں، وہ جنوبی ایشیاء میں چیزیں تبدیل کر سکتے ہیں۔