LIVE

چین میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ’اسمارٹ اسکول یونیفارم‘ تیار

ویب ڈیسک
January 13, 2019
 

چین میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ اسکول کا ’اسمارٹ یونیفارم‘ تیار1—. فوٹو  گوئیزوہ گنایو ٹیکنالوجی 

جہاں والدین بچوں کو اسکول بھیج کر ان کی نگرانی کے حوالے سے فکر مند رہتے ہیں وہیں اساتذہ بھی اسکول میں اور چھٹی ہونے کے بعد ان کی نگرانی کے لیے فکر مند رہتے ہیں تاہم دونوں کی مشکل ’اسمارٹ یونیفارم‘ سے حل ہوگئی ہے۔

جی ہاں چین میں جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ’اسمارٹ یونیفارم‘ تیار کیا  گیا ہے جس میں گلوبل پوزیشننگ سسٹم ( جی پی ایس) نصب ہے جو بچوں کی نگرانی کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

آڈیٹی سینٹرل کی رپورٹ کے مطابق اسمارٹ یونیفارم چینی ٹیکنالوجی کمپنی گوئیزوہ گنایو (Guizhou Guanyu) نے تیار کیا ہے جس میں دو مائیکرو چپس یونیفارم کے کاندھے کی طرف نصب ہے۔

 اس کی مدد سے والدین اور اساتذہ آسانی سے معلوم کرسکیں گے کہ بچے کہاں موجود ہیں اور کیا کر رہے ہیں۔

فوٹو بشکریہ گوئیزوہ گنایو ٹیکنالوجی—. 

جیسے ہی بچے اسمارٹ یونیفارم پہنیں گے جی پی ایس ٹریکنگ سسٹم فعال ہوجائے گا جو والدین اور اساتذہ کو ان کے اسمارٹ فون میں رپورٹ کرے گا۔

اگر بچہ کلاس میں سو جائے یا پھر بغیر اجازت باہر چلا جائے، اس حوالے سے بھی اسمارٹ یونیفارم ہوشیار کردے گا۔

یونیفارم کی مدد سے والدین یہ بھی جان سکتے ہیں کہ بچہ پیسے کہاں خرچ کر رہا ہے اور کتنے خرچ کر رہا ہے اس کے علاوہ وہ اسمارٹ یونیفارم کی ایپ کی مدد سے بچے کی جیب خرچ کا بھی تعین کرسکتے ہیں۔    

دوسری جانب بعض حلقوں نے اسمارٹ یونیفارم کی مدد سے بچوں کی نقل و حرکت پر اس قدر نگرانی کرنے کو ان کے حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

جس پر کمپنی نے جواب دیا کہ اسمارٹ یونیفارم میں بچوں کے تحفظ کا بھرپور خیال رکھا گیا ہے اور یہ یونیفارم کچھ مخصوص جگہ پر کام نہیں کرے گا۔