LIVE

پاکستان کو جنوبی افریقا کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں بھی بدترین شکست، سیریز پروٹیز کے نام

ویب ڈیسک
January 14, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


جوہانسبرگ: جنوبی افریقا نے تیسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 107 رنز سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ کردیا۔

میزبان ٹیم نے جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جیت کے لیے پاکستان کو 381 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں سرفراز الیون 273 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پاکستان کی جانب سے اسد شفیق 65 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ شاداب خان 47 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اوپننگ بلے باز امام الحق 35، شان مسعود 37، اظہر علی 15، بابر اعظم 21، کپتان سرفراز احمد صفر، حسن علی 22، محمد عامر 4 اور محمد عباس 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے رباڈا اور اولیویئر نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ڈیل اسٹین 2 اور فلینڈر نے ایک وکٹ حاصل کی۔

بہترین کارکردگی پیش کرنے پر کوئنٹن ڈی کوک کو 'مین آف دی میچ' جب کہ ڈین اولیوئیر کو 'مین آف دی سیریز' کے اعزاز سے نوازا گیا۔ 

یاد رہے کہ پاکستان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جب کہ میزبان ٹیم نے پہلی اننگز میں 262 اور دوسری میں 303 رنز بنائے تھے۔

کپتان سرفراز احمد کا ریکارڈ

کپتان سرفراز احمد نے 3 میچز کی سیریز میں وکٹ کے پیچھے سب سے زیادہ شکار کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا، سرفراز نے 19 شکار کیے جس میں 18 کیچز اور ایک اسٹمپ آؤٹ شامل ہے۔

سابق کپتان راشد لطیف نے 2003 میں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں 18 شکار کیے تھے۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹیسٹ میچوں کی تاریخ پر ایک نظر

جوہانسبرگ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کو جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا، اس سے قبل سنچورین ٹیسٹ میں پاکستان کو 6 وکٹوں اور کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان یہ گیارہویں سیریز تھی، مصباح الحق کی قیادت میں 2013 میں بھی پاکستان اوے سیریز کے تینوں میچ ہارا تھا۔

پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف پہلا ٹیسٹ 1994 میں کھیلا اور اب تک 26 ٹیسٹ میچز میں سے پاکستان، جنوبی افریقہ کے خلاف صرف 4 میچز جیتا ہے جبکہ جنوبی افریقا 15 میچز میں کامیاب رہا۔

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئیں۔

پاکستان جنوبی افریقا کے میدانوں میں صرف 2 ٹیسٹ جیت سکا ہے، گرین شرٹس نے 1998 میں ڈربن اور 2007 میں پورٹ الزبتھ میں پروٹیز کے خلاف ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔

گرین شرٹس نے جنوبی افریقا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ 2013 میں ابوظہبی میں جیتا تھا۔