LIVE

نواز شریف کیخلاف نیب کی اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کیلئے مقرر

ویب ڈیسک
January 15, 2019
 

Your browser doesnt support HTML5 video.


اسلام آباد ہائیکورٹ نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا میں اضافے اور فلیگ شپ ریفرنس میں بریت کے فیصلے کے خلاف دائر قومی احتساب بیورو ( نیب) کی اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ نیب کی اپیلوں پر 21 جنوری کو سماعت کرے گا، عدالتی بینچ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ہے۔ 

نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا میں اضافے کی استدعا کر رکھی ہے جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں ان کی بریت کو چیلنج کیا گیا ہے۔

نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ محض شک کا فائدہ دے کر فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کو بری کرنا خلاف قانون ہے، عدالت نواز شریف کے خلاف شواہد پر سزا سنائے۔

نیب نے اپنی دوسری اپیل میں مؤقف اختیار کیا کہ العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کے خلاف مقدمہ ثابت کیا، احتساب عدالت سے نواز شریف کو ملنے والی 7 سال قید کی سزا کم ہے، اسے بڑھایا جائے۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو سات سال قید اور فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا تھا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پہلے ہی اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بینچ میں سماعت کے لیے مقرر ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں نیب اور نواز شریف کی اپیلوں پر 21 جنوری کو ایک ہی روز سماعت ہوگی۔